’پہلی بار ایک ماں مِس یونیورس بن گئی‘، 2026 کا ٹائٹل پورٹو ریکو کی جینیفر بیریٹو کے نام
’پہلی بار ایک ماں مِس یونیورس بن گئی‘، 2026 کا ٹائٹل پورٹو ریکو کی جینیفر بیریٹو کے نام
بدھ 25 نومبر 2026 11:05
اس مقابلے میں کے آخری مرحلے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے 116 خواتین پہنچی تھیں: فوٹو اے ایف پی
پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ خاتون جینیفر بیریٹو نے 2026 کی مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق وہ پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والی دوسری خاتون ہیں جنہوں نے یہ اعزاز جیتا ہے، اس سے قتل 2001 میں یہاں کی خاتون یہ ٹائٹل حاصل کر چکی ہیں۔
اس مقابلے میں کے آخری مرحلے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے 116 خواتین پہنچی تھیں۔ مقابلے کا فائنل مرحلہ پورٹو ریکو کے شہر سان ہوان میں منگل کو اختتام پذیر ہوا۔
اعزاز کا اعلان ہونے کے بعد جینیفر بیریٹو کو مس یونیورس کا خصوصی تاج پہنایا گیا۔
جینیفر بیریٹو یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی شادی شدہ خاتون اور اس مقابلے کی تاریخ میں پہلی ماں ہیں جنھیں یہ ٹائٹل ملا ہے۔
ان کو یہ کامیابی مقابلے کے منتظمین کی جانب سے تین سال قبل شادی شدہ خواتین اور ماؤں کی شرکت پر عائد متنازع پابندی ختم کرنے کے بعد حاصل ہوئی ہے۔
منگل کی شام ہونے والے مقابلے کا آغاز ابتدائی مرحلے سے ہوا، جس میں مختلف مقابلوں میں ججز کے دیے گئے نمبروں کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔
اس کے بعد باقی رہ جانے والی 30 امیدواروں نے سٹیج پر واک کی، جن میں سے 12 کو شام کے گاؤن کے مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔
کچھ ممالک کی خواتین ویزا مسائل کی وجہ سے مقابلے میں شریک نہ ہو سکیں (فوٹو: انسٹاگرام، مس یونیورس)
آخری پانچ امیدواروں سے ججز نے مختلف سوالات کیے، جن میں مس یونیورس مقابلے کی اہمیت اور دنیا کو اپنے رہنماؤں سے کیا توقعات ہیں، جیسے موضوعات شامل تھے۔
جینیفر بیریٹو سے اے آئی کے بڑھتے رجحان میں وہ ایسی کون سی انسانی قدر ہے جس کبھی نہیں کھونا چاہیے، انہوں نے اس کا جواب ہسپانوی زبان میں دیتے ہوئے کہا کہ ’اس معاملے میں سب سے اہم چیز اس کا ذمہ دارانہ استعمال ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر مصنوعی ذہانت ہماری اقدار کو خطرے میں ڈال سکتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ کبھی ہماری حقیقی اقدار تھیں ہی نہیں۔ اصل اقدار ہماری باتوں اور عمل میں ظاہر ہوتی ہیں، خاص طور پر اس وقت جب ان پر قائم رہنا مشکل ہو۔‘
اگرچہ رواں سال مس یونیورس مقابلے کا شاندار اختتامی پروگرام بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوا، تاہم اس سے قبل مقابلے سے متعلق کچھ تنازعات بھی سامنے آئے تھے۔
جینیفر بیریٹو مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی شادی شدہ خاتون اور پہلی ماں بن گئی ہیں فوٹو: اے ایف پی
مقابلے میں ابتدائی طور پر 130 سے زائد ممالک کی نمائندگی متوقع تھی، تاہم ویزا مسائل اور صحت سے متعلق وجوہات اور مقابلے کے مقامی فرنچائز تنازعات کے باعث تقریباً 15 ممالک کی امیدواریں مقابلے سے باہر ہوئیں۔
نیپال اور افریقہ کے پانچ ممالک کی خواتین کو امریکی ویزے کے حصول میں مشکلات اور تاخیر کے باعث مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔ ان میں جنوبی سوڈان اور جمہوریہ کانگو بھی شامل تھے، جنہوں نے پہلی بار اس مقابلے میں حصہ لینا تھا۔
دوسری جانب، مس یونیورس تنظیم اور تھائی کاروباری شخصیت نوات اِتساراگریسل کے درمیان معاہدے کا تنازع بھی جاری رہا۔ نوات جنوب مشرقی ایشیا کے چھ ممالک میں مس یونیورس کے لیے کوالیفائنگ مقابلے منعقد کراتے ہیں۔
اس تنازع کے باعث انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام کی نمائندائیں بھی فائنل مقابلے میں شریک نہیں ہوئیں۔