Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیر دفاع کا ایران پر کیمیائی ہتھیار بنانے کا الزام

اسرائیل کاٹز کے مطابق ایران کو ایسے ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جائے گا: فائل فوٹو اے ایف پی
اسرائیل کے نگران وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے اور اس بات کے بھی اشارے ملے ہیں کہ تہران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسرائیل کاٹز نے منگل کو تل ابیب میں اپنے دفتر میں اسرائیلی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون 2025 میں اسرائیل اور امریکہ کے ایران کی اہم جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد تہران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع نہیں کیا تاہم ’ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ وہ ایسا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
 وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے، تاہم اس پروگرام کی پیش رفت یا اس کے مقام کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کو ایسے ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب اخبار ’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ نے بدھ کو ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ایران کی مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق معلومات حاصل تھیں۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے ’کان‘ کی رپورٹ میں معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2018 میں اسرائیل کے ہاتھ لگنے والے ایران کے جوہری دستاویزات کے ذخیرے میں کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ پروگرام سے متعلق مواد بھی موجود تھا۔
تاہم یہ دستاویزات ان فائلوں کے ساتھ نہیں لے جائی گئیں جن کا براہ راست تعلق ایران کے جوہری پروگرام سے تھا۔

شیئر: