ریاض میں سیف ایگزیبشن اینڈ کمپیٹیشن، 55 ممالک سے 1200 حل پیش
ریاض میں سیف ایگزیبشن اینڈ کمپیٹیشن، 55 ممالک سے 1200 حل پیش
بدھ 25 نومبر 2026 9:48
تین سعودی بہنیں ‘ایکو شیلڈ‘ نامی ایک سکیورٹی پلیٹ فارم کا نمونہ پیش کر رہی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض میں پیر کو سیف انٹرنیشنل سکیورٹی اینڈ انوویشن ایگزیبشن اینڈ کمپیٹیشن کا آغاز ہوا جس میں ہزاروں انوویٹرز نے شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق گلوبل سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی سمٹ کے ایک حصے کے طور پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں 55 ممالک کے تین ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی ہے جس میں مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی سے لے کر خلا، ہوا بازی اور صحت کی ٹیکنالوجی تک کے شعبوں میں 1200 منصوبے اور حل پیش کیے جا رہے ہیں۔
26 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں ورکشاپس، انٹرایکٹیو نمائشیں اور ایک مقابلہ شامل ہے جس کے بارے میں منتظمین کا کہنا ہے کہ اس نے توقع سے کہیں زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔
طویق اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سمٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین عبدالعزیز الحمادی نے افتتاح کے موقع پر بتایا کہ ’ہمیں محدود تعداد کی توقع تھی۔ لیکن کچھ ہی عرصے میں ہمارے پاس اس مقابلے میں حصہ لینے کے خواہشمند ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ افراد کی رجسٹریشن ہوگئی جو 30 ہزار زیادہ جدید منصوبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔‘
افتتاح کے ساتھ ہی حتمی جنگ کا آغاز ہوا جس سے قبل 300 سے زیادہ ججوں نے 50 ہزار سے زیادہ گھنٹے صرف کر کے جمع کرائے گئے منصوبوں کا اندازہ لگایا۔ الحمادی کے لیے اس تقریب کی سب سے نمایاں کامیابیوں میں سے ایک اس کی بین الاقوامی پہنچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’بین الاقوامی مقابلے عام طور پر پانچ، چھ یا سات ممالک سے شروع ہوتے ہیں۔ لیکن اس پہلے ایڈیشن نے 55 ممالک کو متوجہ کیا ہے۔‘
نمائش کا ہال اس عالمی شرکت کی عکاسی کرتا ہے جہاں طلبہ، محققین اور کاروباری افراد دنیا کے چند اہم ترین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حل پیش کر رہے ہیں۔
26 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں ورکشاپس، انٹرایکٹیو نمائشیں اور ایک مقابلہ شامل ہے (فوٹو: عرب نیوز)
ان میں سعودی ہائی سکول کے طلبہ کی ایک ٹیم شامل ہے جو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں ماحولیاتی ڈیٹا کی بڑی کمی کو پورا کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کا منصوبہ امیج ان پینٹنگ کی تکنیک کا استعمال کرتا ہے جو غائب وژئول ڈیٹا کو دوبارہ تیار کرتی ہے تاکہ پورے خطے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے تناسب کے زیادہ جامع نقشے تیار کیے جا سکیں۔
ریاض نجد سکولز میں بارہویں جماعت کے طالب علم اور ٹیم کے رکن یوسف طارق تطوانی نے کہا کہ ‘مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا خطہ دو سے تین گنا زیادہ تیزی سے گرم ہو رہا ہ، اور یہ دنیا بھر میں سب سے کم مشاہدہ کیے جانے والے خطوں میں سے ایک ہے۔ کسی مسئلے کو واقعی حل کرنے کے لیے، ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ وہ کہاں ہے،‘ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ٹول پالیسی سازوں اور ماحولیاتی محققین کو اخراج کے اہم مقامات کی درست نشاندہی کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
کچھ فاصلے پر، تین سعودی بہنیں ‘ایکو شیلڈ‘ نامی ایک سکیورٹی پلیٹ فارم کا نمونہ پیش کر رہی ہیں جو تیل اور گیس کی تنصیبات کو سائبر حملوں، آگ اور خطرناک رساؤ سمیت وسیع پیمانے کے خطرات سے بچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
فیوچر وژن پرائیویٹ سکول کی بارہویں جماعت کی طالبہ رانا شبیب الفویرس نے کہا کہ ’روایتی سکیورٹی سسٹمز ان تمام خطرات کا تیزی سے پتہ نہیں چلا سکتے۔‘
پوری نمائش کے دوران، منتظمین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس تقریب کا مقصد ایک مقابلے سے کہیں زیادہ ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یہ سسٹم درجہ حرارت، دباؤ اور گیس کی سطح کی نگرانی کرنے والے سینسرز سے معلومات کو یکجا کرتا ہے، اور پھر غیر معمولی حالات کی نشاندہی کرنے اور حادثات بڑھنے سے پہلے آپریٹرز کو خبردار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے۔ ان کی بہن ریتال شبیب الفویرس کے مطابق، یہ خیال ایک کلاس روم پروجیکٹ سے پیدا ہوا تھا اور بعد میں ان کے والد، جو کہ آرامکو میں ایک انجینئر ہیں، کی رہنمائی میں اسے مزید بہتر بنایا گیا۔
مقابلے کے جج ایوب الضالعہ کے لیے نمایاں ہونے والے منصوبے ضروری نہیں کہ سب سے زیادہ پیچیدہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’حل کی انفرادیت اور ہر مارکیٹ میں اس پر عمل درآمد کتنا آسان ہے‘ جیتنے والے منصوبوں کی سب سے اہم خصوصیات میں شامل ہیں۔
پوری نمائش کے دوران، منتظمین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس تقریب کا مقصد صرف ایک مقابلہ بننے سے کہیں زیادہ ہے۔ الحمادی نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اسے سرحد پار تعاون اور خیالات کے تبادلے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر دیکھیں۔
انہوں نے مقابلہ کرنے والوں سے کہا کہ ’آج آپ کا شیئر کیا گیا ہر خیال، انشاء اللہ، دنیا کے لیے کسی حل کا آغاز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتیجہ کچھ بھی ہو، سب سے پائیدار انعام دنیا کے مختلف حصوں سے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے والے موجدوں کے درمیان بننے والے تعلقات ہو سکتے ہیں۔
اس تقریب کے شراکت داروں میں وزارت تعلیم، تحاکم، علم اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف انووینٹرز ایسوسی ایشن شامل ہیں۔