Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا سے 161 افراد ہلاک

پاکستان میں اب تک 25 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور اس سے مزید 161 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کورونا کے حوالے سے اقدامات کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے منگل کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 161 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں اس کے بعد خیبرپختونخوا سرفہرست ہے۔
کورونا سے ہلاک ہونے والے 161 افراد میں سے 70 وینٹی لیٹرز پر تھے جبکہ 140 افراد ہسپتالوں میں اور 21 ہسپتالوں سے باہر ہلاک ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 37 ہزار 587 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 33 سو 77 مثبت آئے ہیں۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ 98 فیصد رہی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے آٹھ لاکھ 37 ہزار پانچ سو 23 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے سات لاکھ 33 ہزار 62 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

وفاقی حکومت کے مطابق پاکستان میں 10 کروڑ افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار تین سو 10 ہے۔ اس وقت ملک بھر میں چھ سو 31 ہسپتالوں کی کورونا وارڈز میں چھ ہزار چار سو 64 مریض داخل ہیں۔
کورونا ویکسین کی صورتحال
عوام کو کورونا ویکسین لگانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے گذشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’پاکستان میں 10 کروڑ افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں۔ اس سال کے آخر تک سات کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا ویکسین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت اب تک ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کر چکی ہے۔
’ان میں سے تقریباً 90 فیصد خوراکیں خرید کر لائی جائیں گی جبکہ جون تک ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔‘
انہوں نے ویکسینیشن مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ ہے جس میں سے 25 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ ’اس صورت حال میں ہمارے لیے ایک اہم پیش رفت یہ ہے کہ سنگل ڈوز چینی ویکسین کین سائنو کی پاکستان میں فلنگ شروع ہونے والی ہے۔
’چین کے ساتھ معاہدے کے تحت قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں ہر ماہ کین سائنو ویکسین کی تین لاکھ خوراکوں کی فلنگ کی جائیں گی۔‘

شیئر: