بنوں میں گاڑی پر فائرنگ سے امن کمیٹی کے چار ارکان ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے (فوٹو: بنوں پولیس)
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں امن کمیٹی کے چار ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کو تھانہ ہوید کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب چاروں افراد ایک ہی گاڑی میں کہیں جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقام پر گھات لگائے مسلح افراد نے گاڑی پر اچانک فائرنگ کر دی اور بعدازاں فرار ہو گئے۔
اس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چاروں افراد دم توڑ گے پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
امن کمیٹی مقامی سطح پر بنائی گئے ایک ایسے جرگے کو کہتے ہیں جو پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے اور اس کا مقصد امن و امان کا قیام اور باہمی لڑائی جھگڑوں کو سلجھانا ہوتا ہے۔
خیال رہے پچھلے کچھ عرصہ سے صوبہ خیبر پختونخوا بدامنی کی لپیٹ میں ہے جہاں خاص طور پر پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔
ایک روز قبل ہی ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں سات اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے بتایا تھا کہ تھانہ گومل کی حدود میں پولیس کی بکتر بند (اے پی سی) گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار موقع پر دم توڑ گئے۔ دو اہلکار بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
واقعے میں جان سے جانے والوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان، شیر اسلم خان سب انسپکٹر، عبدالمجید ڈرائیور، حضرت علی، احسان اللہ، دو ایف سی اہلکار ارشد علی اور اللہ داد خان شامل تھے۔
اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ امن کمیٹیوں کے ارکا پر بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔