Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج شاہراہ درب زبیدہ کو عالمی ورثے میں شامل کرانے کی مہم

درب زبیدہ جزیرہ عرب کی قدیم ترین تجارتی شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان  نے کہا ہے کہ وزارت ثقافت عراقی بھائیوں کے تعاون سے کوفہ سے مکہ مکرمہ تک واقع تاریخی حج شاہراہ درب زبیدہ کو یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرانے کی مہم چلائے گی۔
اخبار 24  کے مطابق وزیر ثقافت نے کہا کہ درب زبیدہ 1400 کلو میٹر طویل ہے اور یہ جزیرہ عرب کی قدیم ترین تجارتی شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ اپنے دور میں اہم ترین حج شاہراہ بھی رہی ہے۔ ثقافتی تبادلہ جات کا اہم ذریعہ اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی تھی۔ 
وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب درب زبیدہ کی ثقافتی اور تاریخی حیثیت کے احیا کا پروگرام بنا رہی ہے۔  
شہزادہ بدر بن فرحان نے کہا کہ یہ شاہراہ عباسی خلیفہ ہارون الرشید کی ملکہ زبیدہ بنت جعفر سے منسوب ہے۔ نسبت کی وجہ یہ ہے کہ  ملکہ زبیدہ  نے اس تاریخی شاہراہ کی خدمت کے بڑے کام کیے۔ 
وزیر ثقافت نے مزید کہا کہ یہ حج شاہراہ عراقی شہر کوفہ سے مکہ مکرمہ تک پھیلی ہوئی ہے اور سعودی عرب کے پانچ صوبوں سے گزرتی ہے۔  

شیئر: