Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین لیجنڈ اظہر الدین کی سعودی کرکٹ کی ترقی میں مدد کی پیشکش

کرکٹ کو فروغ دینے کے منصوبوں کی تعریف کی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
انڈین کرکٹ لیجنڈ محمد اظہر الدین نے سعودی گورننگ باڈی کے چیئر مین شہزادہ سعود بن مشعل السعود کی مملکت میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کے منصوبوں کی تعریف کی ہے۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور بلے باز نے سعودی قومی کرکٹ ٹیم کی ترقی میں مدد کے لیے اپنے تجربے اور مہارت کی پیشکش بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ شہزادہ سعود بن مشعل السعودنے حال ہی میں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (اس اے سی ایف) کے ذریعے شروع کیے جا رہے بڑے اقدامات کی ایک سیریز کا بھی اعلان کیا ہے جس کا مقصد کمیونٹی، کلب اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شرکت بڑھانا ہے۔
اظہر الدین نے عرب نیوز کو بتایا  کہ ’یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ سعودی عرب کرکٹ ایسوسی ایشن بڑے انداز میں کرکٹ کو فروغ دے رہی ہے۔‘
انڈیا کے لیے 99 ٹیسٹ اور 334 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے 58 سالہ اظہر الدین نےسعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ شہزادہ سعود واقعی گیم چینجنگ پلانز کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
انڈین کرکٹ کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’چونکہ سعودی عرب کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وابستہ ہے،لہذا میں یقینی طور پر چاہوں گا کہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات کی طرح زیادہ کرکٹ کھیلے۔‘
اظہر الدین نے کہا کہ ’ سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور امید اور دعا کرتا ہوں کہ وہ اپنے ہر کام میں کامیابی حاصل کرے۔ اگر اس کوشش میں کوئی مدد گار کر سکتا ہوں تو مجھے ایسا کرنے میں سب سے زیادہ خوشی ہو گی۔‘
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے رواں برس پہلے ہی متعدد اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے جن میں نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ جو 11 شہروں میں کھیلی گئی اور چار پروگراموں کا ایک حصہ جس پر تنظیم نے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ دستخط کیے تھے فروری میں شروع کیا گیا، یہ مملکت میں اب تک کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔
اس کے علاوہ اکتوبر اور نومبر میں ایک کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا، غیر ملکی کارکنوں کے لیے ایک کرکٹ لیگ تشکیل دی گئی ہے اور مختلف شہروں میں متعارف کرایا جانے والا ایک سوشل کرکٹ پروگرام۔
خیال رہے کہ پاکستان کی کرکٹ فرنچائز میں سے ایک پشاور زلمی کے مالک نے گذشتہ ہفتے اس خبر کے بعد کہ عرب نیوز کو سعودی کرکٹ ٹیم کا باضابطہ میڈیا پارٹنر منتخب کر لیا گیا ہے، اپنی ٹیم کو دوستانہ میچ کے لیے سعودی عرب لے جانے کا اشارہ دیا تھا۔
 

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب میں کرکٹ کھیلنے کے امکان پر پرجوش ہیں۔( فوٹو ٹوئٹر)

اس کے جواب میں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم سعودی کرکٹ ٹیم کے لیے شاندار تاثر، نیک خواہشات اور تعریف پر جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
’ہم پاکستان جیسے تمام زبردست کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔‘
اس بارے میں بات کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا ’مجھے بہت خوشی ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم نے سعودی عرب میں دوستانہ میچ کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔‘
پشاور زلمی کے موجود کپتان وہاب ریاض نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ سعودی عرب میں کرکٹ کھیلنے کے امکان پر پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ بہت اچھا ہے کہ سعودی عرب جیسا ملک کرکٹ میں دلچسپی لے رہا ہےکیونکہ وہ زیادہ تر فٹبال کے لیے مشہور ہیں۔‘
وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ’ سعودیوں کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے بھی بہت بڑا چیلنج ہے اور یہ ایک دلچسپ کھیل بننے جا رہا ہے جس سے سعودی کرکٹرز کو بھی کچھ تجربہ حاصل ہو گا۔‘

شیئر: