Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کی نان کمرشل سطح پر کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت

زشتہ 24 گھنٹوں میں کل 46 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی حکومت نے نجی ہسپتالوں اور کمرشل اداروں اور فلاحی اداروں  کو اپنے عملے کے لیے کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اسلام آباد میں این سی او سی اجلاس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر عاصم رؤف نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتال اور فلاحی ادارے  نان کمرشل استعمال کے لیے کورونا ویکسین درآمد کرسکتے ہیں۔
’نجی ادارے اپنے لوگوں کو ویکسین لگوانے کے لیے بھی ویکسین درآمد کر سکتے ہیں جبکہ نجی ہسپتال اپنے عملے کو اگر بغیر انتظار کیے ویکسین لگوانا چاہتے ہیں تو بھی ویکسین کی درآمد کی جازت دی گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نجی ادارے ڈریپ کی شرائط پورے کر کے روس کی تیار کردہ سپتنک، چینی ویکسین یا یورپ کی کوئی تیار کردہ ویکسین بھی درآمد کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے ویکسین درآمد کرنے کی شرائط بتاتے ہوئے کہا کہ ’ایسی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی جس کی اس ملک میں ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی گئی ہو جبکہ ڈریپ سٹوریج کے انتظامات دیکھنے کے بعد 24 گھنٹوں میں درآمد کرنے کی اجازت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ درآمد کرنے لیے تمام شرائط ڈریپ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے کمرشل سطح پر ویکسین درآمد کرنے کی بھی اجازت دے رکھی ہے۔
عاصم رؤف کے مطابق نان کمرشل سطح پر درآمد کرنے کی اجازت کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانا ہے۔
ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ڈریپ کی شرائط پوری کر کے ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دیں گے۔‘

پاکستان میں کورونا سے مزید 108 افراد ہلاک

پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران ایک مرتبہ پھر مسلسل تیسرے روز 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد رہی ہے۔
 بدھ کو 108 افراد کورونا وبا کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کل 46 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے، ان میں 4198 افراد میں کورونا مثبت پایا گیا۔
بدھ کے روز بھی کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح نو اعشاریہ 03 فیصد رہی۔ گزشتہ روز بھی کیسز مثبت آنے کی شرح نو فیصد سے زائد رہی تھی۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا وبا کی وجہ سے روزانہ 100 سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔
دو مئی کو یومیہ اموات کی تعداد کم ہو کر 79 ہوئی تھی تاہم اس کے بعد سے ایک مرتبہ پھر یہ تعداد مسلسل تیسرے روز 100 سے زائد رہی ہے۔
گزشتہ روز این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کی اطلاع بھی دی گئی تھی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ ’الحمد للہ ایک دن میں ویکسین لگنے کی تعداد کل 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی. لوگوں کے اجسٹر کرنے کے رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب تک رجسٹر کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے. اگر 40 سال یا اس سے زیادہ عمر ہے تو جلد رجسٹر کریں۔ اور ساتھ میں حفاظتی اقدامات جاری رکھیں‘۔

شیئر: