جنید صفدر کی شادی: وائرل دعوت نامہ، تاریخیں اور رشتے کی ’اندرونی کہانی‘
جنید صفدر کی شادی: وائرل دعوت نامہ، تاریخیں اور رشتے کی ’اندرونی کہانی‘
جمعرات 15 جنوری 2026 13:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جنید صفدر کی شادی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما روحیل اصغر کی پوتی سے ہو رہی ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کا دعوت نامہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس کے بعد ایک بار پھر اس شادی سے متعلق چہ مگوئیاں زور پکڑ رہی ہیں۔
انٹرنیٹ پر زیرِ گردش شادی کارڈ کے مطابق جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ 18 جنوری کو رکھی گئی ہے، تاہم اس بنیاد پر یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ شادی کی تقریبات 16 جنوری سے شروع ہو سکتی ہیں۔ چونکہ سامنے آنے والا کارڈ صرف ولیمے سے متعلق ہے، اس لیے شادی کی تمام تاریخوں کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
جنید صفدر کی دوسری شادی کا معاملہ کوئی نیا نہیں ہے۔ گزشتہ سال کے اختتام سے ہی جنید صفدر کی دوسری شادی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں گردش کر رہی تھیں۔
ابتدا میں دعویٰ کیا گیا کہ دلہن کا تعلق لاہور کی ایک بااثر سیاسی فیملی سے ہے، نکاح اور رخصتی کی تاریخیں زیرِ غور ہیں اور دونوں خاندانوں کے درمیان ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ تقریبات محدود اور خاندانی نوعیت کی ہوں گی، جبکہ اس رشتے کو سیاسی اعتبار سے بھی اہم سمجھا جا رہا تھا۔ تاہم اس تمام عرصے میں دونوں خاندانوں کی جانب سے کوئی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔
اس معاملے پر وضاحت اس وقت سامنے آئی جب مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما شیخ روحیل اصغر نے صحافی شازیہ زیشان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شادی سے متعلق تفصیلات بتائیں۔
روحیل اصغر کے مطابق یہ رشتہ خاندانی اور سماجی روابط کے نتیجے میں طے پایا، کیونکہ ان کی پوتی شانزے اور جنید صفدر کی بہن کے درمیان قریبی تعلق ہے اور دونوں خاندان ایک دوسرے سے واقف رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بات آگے بڑھی تو خود مریم نواز کی جانب سے باضابطہ طور پر رشتہ مانگا گیا، جس کے بعد خاندان نے اسے خوش دلی سے قبول کیا۔
شیخ روحیل اصغر کے مطابق بعد ازاں دونوں خاندانوں کی ملاقات سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہوئی، جہاں شادی کی تقریبات کی تاریخیں طے کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو ہوں گی جن میں مختلف تقاریب شامل ہیں۔ کچھ تقریبات جاتی امرا میں منعقد کی جائیں گی، جبکہ دلہن کے اہلِ خانہ کی جانب سے لاہور میں ایک استقبالیہ بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے خاندان میں حالیہ مہینوں میں دیگر شادیاں بھی ہوئیں، تاہم یہ شادی اپنی نوعیت کے اعتبار سے خاصی نمایاں ہو گی۔
یاد رہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2021 میں عائشہ سیف سے شادی کی تھی، جو 2023 میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس وقت جنید صفدر نے اسے ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے میڈیا سے نجی زندگی کے احترام کی درخواست کی تھی۔
فی الحال شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جبکہ سامنے آنے والی معلومات اور روحیل اصغر کے انٹرویو کے بعد کافی حد تک معاملہ واضح ہو گیا ہے۔