Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلی ویکسین کے بعد توکلنا پر سٹیٹس تبدیل نہ ہو تو کیا کریں؟

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک لاکھ 48 ہزار کورونا ویکسین دی گئیں- (فوٹو وزارت صحت ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے 14 دن گزر جانے کے باوجود توکلنا ایپ میں سٹیٹس تبدیل نہیں ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ پہلی خوراک لینے کے بعد توکلنا ایپ میں اسٹیٹس تبدیل ہوجائے گا، لیکن 14 دن سے زیادہ گزر چکے ہیں مگر پہلے والا سٹیٹس برقرار ہے۔
اخبار 24 کے مطابق توکلنا ایپ کی انتظامیہ نے اس حوالے سے سعودیوں اور تارکین وطن کے استفسارات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل خوراک لینے کا ریکارڈ وزارت صحت بھیجتی ہے۔ اس کے بعد ہی توکلنا ایپ میں امیدوار کی پوزیشن تبدیل ہوتی ہے۔  
توکلنا ایپ کی انتظامیہ نے مشورہ دیا کہ جن افراد کا سٹیٹس ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے 14 دن گزر جانے کے باوجود تبدیل نہیں ہوا وہ وزارت صحت سے رابطہ کر کے ویکسین ریکارڈ توکلنا بھجوانے کی درخواست کریں۔ 
یاد رہے کہ توکلنا ایپ کی طرف سے اس سے قبل کہا گیا تھا کہ اگر کسی نے کورونا کی پہلی ویکسین لی ہو تو ایپ میں اس کی پوزیشن تبدیل ہوجاتی ہے۔ ’محصن جرعۃ اولی‘ (وائرس سے محفوظ پہلی خوراک لے چکا ہے) یہ جملہ گہرے سبز رنگ میں لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ یہ اس صورت میں ہوتا ہے جبکہ متعلقہ شخص وائرس کا شکار نہ ہوا ہو اور پہلی خوراک پر 14 دن گزر چکے ہوں۔ 
توکلنا ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پوزیشن پہلی خوراک کی تاریخ سے 180 دن تک جاری رہتی ہے جب تک دوسری خوراک نہ لی جائے۔
دوسری جانب وزارت صحت نے  بیان میں کہا ہے کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا ویکسین کی ایک کروڑ تین لاکھ 17 ہزار 265 خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 
وزارت صحت کا کنہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقامی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کو ایک لاکھ  48 ہزار سے زیادہ کورونا ویکسین کی نئی خوراکیں دی گئی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: