Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب میں کوئی بھی منظور شدہ ویکسین معطل نہیں‘

زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے ویکسین لینا زیادہ ضروری ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں منظورشدہ کوئی بھی ویکسین معطل نہیں کی گئی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’اس حوالے سے یہ دعویٰ کہ ایسٹرازینیکا ویکسین معطل کردی گئی ہے، غلط ہے اور اس کا حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر محمد العبد العالی نے گزشتہ روز نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس میں بریفنگ کے دوران کہا کہ ’بعض یورپی ممالک نے احتیاطی تدبیر کے طور پر ایسٹرازینیکا ویکسین معطل کی ہے۔‘
وہ اس حوالے سے مزید اطمینان حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان میں سے بعض یورپی ممالک نے ضروری کارروائی کرکے ایسٹرازینیکا کا استعمال بحال کر دیا ہے۔ 
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے ویکسین لینا زیادہ ضروری ہے۔
ڈاکٹر العبد العالی نے بزرگوں سے کہا کہ ’ہم بچے تھے تو آپ  ہمارا خیال رکھتے تھے۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ آپ کورونا وائرس میں مبتلا نہ ہوں۔ اپنی حفاظت کے لیے کورونا ویکسین پہلی فرصت میں لگوالیں۔‘
وزارت صحت کے  ترجمان نے بتایا کہ بعض لوگوں کا یہ خیال کہ حد سے زیادہ  حساسیت (الرجی) میں مبتلا افراد کے لیے کورونا ویکسین ٹھیک نہیں۔ یہ خیال غلط ہے، حد سے زیادہ حساسیت یا الرجی ویکسین لینے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔

شیئر: