واٹرٹینکر سے دکان کا شٹر توڑ کر چوری کرنے والا گرفتار
واردات کرنے والا سعودی شہری ہے- (فوٹو سبق)
وادی الدواسر میں پولیس نے واٹرٹینکر کی مدد سے دکان کا شٹر توڑ کر چوری کی واردات کرنے والے کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
واردات ایسے وقت میں کی گئی تھی جب سڑک سنسان تھی اور وہاں کوئی نہیں تھا تاہم ’سی سی ٹی وی‘ کیمرے نے ملزم کی نشاندہی کردی۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وادی الدواسر کمشنری کے ایک علاقے کی سی سی ٹی وی کی فوٹیج جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایک شخص نے واٹرٹینکر کی مدد سے موبائل فون فروخت کرنے والی دکان کا شٹر توڑا بعدازاں دکان میں رکھے موبائل اوردیگر قیمتی اشیا چرا کر لے گیا۔
پولیس نے سی سی ٹی وی کی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا ۔ ملزم سعودی شہری ہے جس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ کے مطابق وہ ریاض میں گاڑی چوری کی واردات میں بھی ملوث رہا ہے۔
میجر خالد الکریدیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے قبضے سے بعض مسروقہ اشیا بھی برآمد کرلی گئیں ۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے پراسیکیوشن کے ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں کیس مکمل کرنے کے بعد مقدمہ عدالت میں بھیجا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں