پروازوں کی اجازت قریب آتے ہی سعودی شہریوں کی بیرون ملک سفر میں دلچسپی
پروازوں کی اجازت قریب آتے ہی سعودی شہریوں کی بیرون ملک سفر میں دلچسپی
ہفتہ 15 مئی 2021 13:18
سعودی جہاں کا سفر کرنا چاہتے ہیں اس فہرست میں مصر سب سے اوپر ہے (فوٹو: شٹر کاک)
بین الاقوامی پروازوں کی پیر کے روز سے بحالی قریب آتے ہی سعودیوں کی بہت بڑی تعداد نے بیرونی سفر کی تیاری کر لی ہے۔
عرب نیوز نے آن لائن ٹریول کمپنیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی شہریوں کی بہت بڑی تعداد پروازیں شروع ہونے کے بعد بیرون ملک سفر کرنے کے لیے آن لائن سرچ کر رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی بڑی کمپنی ویگو کے مطابق انٹرنینشل فلائٹس کی تلاش میں جنوری سے 52 فیصد جبکہ ہوٹلز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں 59 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سرچ کرنے والوں میں سے ایک چوتھائی وہ لوگ ہیں جو سفر پر پابندی اٹھنے کے پندرہ روز کے اندر سفر کرنا چاہتے ہیں۔
سعودی جہاں کا سفر کرنا چاہتے ہیں اس فہرست میں مصر سب سے اوپر ہے جبکہ اس کے بعد فلپائن، مراکش، اردن اور ترکی آتے ہیں۔
اعداد و شمار سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پروازوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے والوں میں 68 فیصد وہ ہیں جو اکیلے سفر کرنا چاہتے ہیں، 20فیصد فیملی گروپس جبکہ 12فیصد جوڑوں کی شکل میں سفر کے خواہشمند ہیں۔
ویگو کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیماؤن ہمیدن کا کہنا ہے کہ ’یہ خطے میں سیاحت کے احیا کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں سیاحت کی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس نے مسافروں کے اعتماد کو بحال کرتے ہوئے کورونا وبا کے دوران صورت حال کو بہترین طور پر ہینڈل کیا۔
’بہت لوگ اس اعلان کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے اور ہمیں سعودی عرب سے پروازوں اور ہوٹلوں کی بکنگز میں تیزی سے اضافے کی امید ہے۔‘
2005 میں بننے والی ویگو کا ہیڈ کوارٹر دبئی اور سنگاپور کے علاوہ بنگلور، جکارتہ اور قاہرہ میں علاقائی دفاتر ہیں۔
اس کی حریف آن لائن ٹریول سائٹ سکائی سکینر کا بھی یہ کہنا ہے کہ اس ضمن میں ہونے والی سرچ میں اضافہ ہوا ہے اور تین مئی سے ہفتہ وار ایک147 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ اعداد و شمار ان لوگوں پر مشتمل ہیں جنہوں نے اکتوبر تک سفر کرنا ہے جن سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ منیلا، قاہرہ، دبئی اور استنبول مشہور ترین شہروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔