Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب کو جلد غیرملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا‘

’سعودی عرب کا 2030 تک سالانہ 10 کروڑ سیاحوں کو مملکت میں لانے کا ہدف ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
حکام کے مطابق سعودی عرب میں بین الاقوامی سفر کی بحالی کے بعد سرحدوں کوغیر ملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بات پیر کو شعبہ سیاحت سے تعلق رکھنے والے سینیئر سعودی حکام نے کہی۔
سعودی عرب نے اتوار کی رات گئے اعلان کیا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے غیر ملکی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے یا وہ جو حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں انہیں قرنطینہ کے لیے سرکاری ہوٹلوں میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سعودی اتھارٹی برائے سیاحت کے مطابق یہ نئے قواعد صرف سعودی عرب میں رہائش رکھنے والوں، حکومت اور کاروباری افراد یا ان پر لاگو ہوتے ہیں جو اپنے دوستوں یا فیملی ممبرز کو ملنے آرہے ہیں۔ یہ قواعد غیر ملکی سیاحوں پر لاگو نہیں ہوتے۔
سعودی اتھارٹی برائے سیاحت کے چیف ایگزیکیٹو فہد حامد الدین نے روئٹرز کو بتایا کہ ’رواں برس مملکت کو غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا اور اس حوالے سے اعلان ’بہت جلد‘ متوقع ہے۔‘ تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی وقت نہیں دیا۔
سعودی عرب نے 2019 میں سیاحت کی صنعت میں تبدیلیاں کی تھیں اور غیر ملکیوں کے لیے مملکت کا ویزہ لینے کے لیے آسانیاں پیدا کی تھیں جو کئی دہائیوں سے بند تھا۔
فہد حامد الدین نے کہا کہ ’سعودی عرب کا 2030 تک سالانہ 10 کروڑ سیاحوں کو مملکت میں لانے کا ہدف ہے اور جی ڈی پی کا 10 فیصد سیاحت سے حاصل کرنے کا ٹارگٹ ہے۔

شیئر: