Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو ہوائی اڈوں سے 385 بین الاقوامی پروازوں کی روانگی

سعودی شہری ہوابازی کے ادارے نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سفر کی بحالی کے چند گھنٹوں کے دوران ملک کے 9 ہوائی اڈوں سے 385 بین الاقوامی پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سول ایوی ایشن کے کہا ہے کہ ’سب سے زیادہ بین الاقوامی فلائٹس ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی ہیں جہاں سے 225 پروازیں چلائی گئی ہیں‘۔
’اس کے بعد جدہ کے شاہ عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 75 اور دمام کے شاہ فہد ہوائی اڈے سے 66 پروازیں چلی ہیں‘۔
سول ایوی ایشن کہا ہے کہ ’کورونا کے پیش نظر بین الاقوامی سفر کے موقعے پر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں‘۔
’جہازوں میں کچھ نشستیں دوران پرواز ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختص ہیں‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج پیر 17 مئی رات ایک بجے سے سفری پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ سعودی سعودی عرب کے ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
ریاض کے کنگ خالد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز رات ایک بجے کے بعد  سرائیوو کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
سبق ویب کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا گیا کہ ’وہی سعودی سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہیں جو پہلی خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہوں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے‘۔

’سعودی شہریوں نے دبئی، قاہرہ، نیویارک اور واشنگٹن سمیت دیگر شہروں کا رخ کیا‘ ( فوٹو: العربیہ)

’ساما سے منظور شدہ ہیلتھ انشورنس سکیم لے چکے ہوں اور اس میں بیرون مملکت کورونا کے خطرات کی کوریج شامل ہو‘۔
سعودی محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پابندیاں ختم ہونے کے ساتھ سعودی عرب سے لگ بھگ ایک لاکھ سعودی احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیرون ملک کا سفر کریں گے‘۔
 ترجمان نے کہا کہ ’سفر کرنے سے پہلے توکلنا ایپ ڈاون لوڈ کرکے اسے ایکٹو کرلیں۔ ایئرپورٹ جانے سے قبل ای ٹکٹ پرنٹ کریں اور پرواز سے بہت  پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایئرپورٹ صرف سفر کرنے والے ہی جا سکتے ہیں۔ غیر مسافروں کو ایئرپورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ معذور مسافروں کے ہمراہی مستثنی ہوں گے‘۔
سعودی وزارت داخلہ نے بھی غیرملکی مسافروں کے حوالے سے تمام ضروری ہدایات اور ایس او پیز جاری کردی ہیں۔

’ریاض ایئرپورٹ سے سب سے زیادہ پروازیں چلائی گئیں جن کی تعداد 225 ہے‘ ( فوٹو: واس)

 ترجمان نے بتایا کہ ’ایئر پورٹس پر مسافروں کو خیر مقدم کرکے امیگریشن کے لیے بھیجا جائے گا جبکہ ویکسین لگوانے والوں کے کاونٹر الگ ہوں گے‘۔
شہری ہوابازی اور سفریات کے ماہر نواف الطحینی نے بتایا کہ ’بیشتر مسافر قاہرہ، دبئی، نیویارک او واشنگٹن جا رہے ہیں‘۔
انہں نے مزید کہا کہ ’ہر مسافر نہ صرف یہ کہ متعلقہ ملک بلکہ ہر فضائی کمپنی کی سفری شرائط سمجھ کرسفر کا آغاز کرنے کیونکہ ہر کمپنی کی پالیسی دوسری سے مختلف ہے‘۔

شیئر: