Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے: عمران خان

عمران خان نے مختلف وزارتوں سے کہا کہ ’وہ اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں‘ (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے کامیاب دورے کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد میں اہم اجلاس بلایا جس میں انہوں نے دورے کے بعد دونوں ممالک میں تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے فالو اپ پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کی مہمان نوازی اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے، خصوصاً دوطرفہ معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کو سراہتے ہوئے وزرا پر زور دیا کہ ’وہ اس دورے کے نتائج کی روشنی میں فوری اقدامات کریں۔‘
وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے جلد معاہدے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مختلف وزارتوں سے کہا کہ ’وہ اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ دونوں ممالک ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور سیاحت میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب بھیجنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘
 سعودی ویژن 2030 کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’اس کے تحت آنے والی دہائیوں میں سعودی عرب میں ہنرمند اور نیم ہنرمند پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم نے ان مواقعوں سے صحیح طرح سے فائدہ اٹھایا تو اس سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی اور ملک میں ترقی ہوگی۔‘

شیئر: