Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسے بیمار شخص چلا رہا ہے‘، ٹرمپ کی کولمبیا میں بھی آپریشن کی دھمکی

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے بعد کولمبیا کے خلاف فوجی آپریشن کی بھی دھمکی دے دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائی انہیں ’مناسب لگتی ہے‘
انہوں نے کولمبیا اور اس کے صدر گسٹاوو پیٹرو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ ایک بیمار ملک ہے جس کو ایسا ایک بیمار شخص چلا رہا ہے جسے کوکین بنانا اور امریکہ میں فروخت پسند ہے، مگر وہ یہ کام لمبے عرصے تک نہیں کر سکے گا۔‘
جب صدر ٹرمپ سے براہ راست پوچھا کہ کیا امریکہ کولمبیا کے خلاف فوجی کارروائی کرے گا تو انہوں نے جواب میں کہا کہ ’ایسی بات مجھے خوش کُن لگتی ہے۔‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف کارروائی کی گئی اور اس کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے نیویارک لے جایا گیا ہے۔
امریکی صدر نے ان پر منشیات کی سمگلنگ کے الزامات لگائے ہیں اور امریکہ میں ان کو اس سے متعلق کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں امریکی فوج تعینات کی جا سکتی ہے (فوٹو: روئٹرز)

صدر ٹرمپ نے سنیچر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا تھا کہ ’امریکہ نے وینزویلا اور اس کے صدر نکولس مادورو کے خلاف ایک بڑے پیمانے پر کارروائی کامیابی سے انجام دی ہے، جس کے نتیجے میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
اس کے بعد ایک بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’وینزویلا کو امریکہ چلائے گا اور اس کے وسیع تیل کے ذخائر سے فائدہ اٹھائے گا۔‘
صدر ٹرمپ کے مطابق ’ہم لوگوں کو نامزد کر رہے ہیں۔‘
جس سے ایسا اشارہ ملتا ہے کہ ان کے ساتھ موجود کابینہ کے ارکان اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
ایک اور حیران کن بیان میں صدر ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا کہ وینزویلا میں امریکی فوج تعینات کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے امریکہ کی جانب سے بائیں بازو کے رہنما نکولس مادورو پر کئی ماہ سے دباؤ بڑھایا جا رہا تھا۔
صدر ٹرمپ نے دسمبر میں کہا تھا کہ صدر مادورو کے لیے اقتدار چھوڑ دینا ’دانشمندی‘ ہو گا۔
اسی طرح اس سے قبل انہوں نے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ’وینزویلا کے صدر کے دن گنے جا چکے ہیں۔‘

’وینزویلا میں امریکی کارروائی سے 32 کیوبن شہری ہلاک ہوئے‘


کیوبا کے حکام نے وینزویلا کے خلاف اامریکی کارروائی کو ’مجرمانہ اقدام‘ قرار دیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

کیوبا کے حکام نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس ماردورو کی گرفتاری کے لیے ہونے والی امریکی کارروائی میں 32 کیوبن شہری ہلاک ہوئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہوانا کی جانب سے اتوار کو سرکاری ٹیلی ویژن پر جاری جاری کیے گئے بیان میں امریکی کارروائی کو ’مجرمانہ اقدام‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’اس کے نتیجے میں 32 کیوبن شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔‘

 

شیئر: