Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بھر میں 24 مئی سے آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس اور سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت

ٹیک وے کی ہفتے میں سات دن اور چوبیس گھنٹے اجازت ہوگی (فوٹو: پنٹرسٹ)
پاکستان میں کورونا کے معاملات کا جائزہ والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 24 مئی سے ملک بھر میں آؤٹ ڈور ریستوران اور سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
این سی او سی کا اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، سندھ کے وزیر صحت اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں شرکا نے صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ملک بھر کے آؤٹ ڈور ریستوران رات 11:59 تک کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ ٹیک وے کی ہفتے میں سات دن اور چوبیس گھنٹے اجازت ہوگی۔
سخت کورونا پروٹوکولز کے تحت سیاحتی شعبے کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ تمام صوبوں کو پروٹوکولز کے بارے میں علیحدہ علیحدہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ان کے علاوہ 24 مئی سے صرف ان اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد سے کم ہے۔
این سی او سی نے یکم جون سے بھی کئی شعبے کھولنے کی اجازت دی ہے لیکن ان کا 27 مئی کو دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
یکم جون سے شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت ہوگی جن میں صرف 150 مہمان شرکت کر سکیں گے۔
24 مئی سے کھلنے والے تعلیمی اداروں کے علاوہ سات جون سے بھی تعلیمی ادارے بتدریج کھلنا شروع ہو جائیں گے۔
تاہم مزاروں، سنیماؤں، ان ڈور ڈائننگ، ان ڈور جمز، پارکوں کی بندش برقرار رہے گی جبکہ جاگنگ ٹریکس کو استثںیٰ ہوگا۔
ان کے علاوہ تمام طرح کے کھیلوں اور ثقافتی تقریبات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
ہر طرح کے ان ڈور یا آؤٹ ڈور اجتماع پر بھی پابندی برقرار رہے گی جبکہ بین الاصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو دن کی پابندی بھی برقرار رہے گی۔

شیئر: