Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون کی مائیکروسافٹ میں چار کروڑ کی نوکری، ’یہ بے حد فخر کی بات ہے‘

دیپتی اس سے قبل امریکی سرمایہ کار بینک جے پی مورگن میں تین سال کام کر چکی ہیں۔۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر حیدر آباد میں مقیم دیپتی نارکوٹی نے ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ میں نوکری حاصل کی ہے اور ان کی سالانہ تنخواہ دو کروڑ انڈین روپے اور تقریباً چار کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
سی این بی سی ٹی وی کے مطابق دیپتی نارکوٹی کو بطور سافٹ ویئر انجینیئر گریڈ دو میں منتخب کیا گیا ہے۔
دیپتی اس سے قبل امریکی سرمایہ کار بینک جے پی مورگن میں تین سال کام کر چکی ہیں۔
دیپتی امریکہ کے شہر سئیٹل میں واقع مائیکروسافٹ کمپنی کے ہیڈ آفس میں کام کریں گی۔
انہوں نے فلوریڈا یونیورسٹی سے کمپیوٹر میں ایم ایس کی ڈگری حاصل کی ہے، اور وہ مائیکرو سافٹ میں نوکری حاصل کرنے والے 300 امیدواروں میں سے ایک تھیں۔
مائیکروسافٹ ادارے کی جانب سے منتخب کیے جانے والے افراد میں دیپتی کو سب سے زیادہ پیکج پر رکھا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حیدرآباد پولیس کمشنر انجی کپور نے دیپتی کو اس کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’ان دنوں دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے لیکن ہمارے ایک دفتر میں کام کرنے والے ایک آفیسر ڈاکٹر وینکنا کی بیٹی نے مائیکروسافٹ میں دو کروڑ کی نوکری حاصل کرلی ہے یہ ہم سب کے لیے بے حد فخر کی بات ہے‘

یونیورسٹی میں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے والی مختلف کمپنیوں کی جانب سے دیپتی کو ملازمت کی پیشکش کی گئی ان مشہور کمپنیوں میں ایمیزون اور گولڈ مین بھی سر فہرست ہیں۔
اپنی لینکڈ ان پروفائل پر اس حوالے سے بات کرتے ہوئے دیپتی نے لکھا کہ ’میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ٹیکنالوجی روزمرہ کی مشکلات کوحل کرنے میں مدد دے سکتی ہے اور زندگیوں کو بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے‘
حیدرآباد کے عثمانیہ کالج آف انجینئرنگ سے ٹیکنالوجی میں گریجویشن کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے امریکی سرمایہ کار بینک جے پی مورگن میں کام شروع کیا۔
جے پی مورگن بینک میں تین سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد دیپتی نے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جبکہ یونیورسٹی آف فلوریڈا کی جانب سے دیپتی نارکوٹی کو سکالرشپ کی پیشکش بھی کی گئی۔
دیپتی کے والد حیدرآباد پولیس میں بطور ماہر فرانزک کام کرتے ہیں۔
دیپتی نے لکھا کہ وہ فارغ وقت میں روزانہ کی مشکلات کو تخلیقی حل فراہم کرنے والے ذاتی منصوبوں پر کام کرنا پسند کرتی ہیں۔

شیئر: