ٹیکنالوجی کمپنی ’گوگل‘ کی ملکیتی ای میلنگ سروس ’جی میل‘ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’ہف پوسٹ‘ کے مطابق سائبر سیکیورٹی ماہرین کا ماننا ہے کہ ’گوگل‘ نے خودکار طور پر ایک ایسا آپشن فعال کر رکھا ہے جس کے تحت صارفین کے ای میل پیغامات اور اٹیچمنٹس کو اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر صارفین نہیں چاہتے کہ ان کا ذاتی یا پھر دفتری ڈیٹا شیئر ہو تو انہیں خود جا کر سیٹنگز تبدیل کرنا ہوں گی۔
مزید پڑھیں
-
جی میل اگست سے بند ہو رہا ہے؟ سرچ انجن گُوگل کی وضاحتNode ID: 839211
-
جی میل کے مقابلے میں ایلون مسک اپنی ای میل سروس لانے کو تیارNode ID: 883096
انجینئر ڈیو جونز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’جی میل صارفین کو خودکار طور پر اس فیچر میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کے تحت گوگل کو نجی پیغامات اور فائلز تک رسائی مل سکتی ہے۔‘
ان کے مطابق ’اس آپشن کو بند کرنے کے لیے سیٹنگز میں دو مختلف جگہوں پر جا کر سمارٹ فیچرز کو آف کرنا ضروری ہے۔‘
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی دوڑ میں کمپنیاں نئی انسانی ڈیٹا کی کمی کا شکار ہو رہی ہیں، اسی لیے صارفین کے روزمرہ ڈیٹا کو تربیت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل خودکار میٹنگ نوٹس جیسے فیچرز کو بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے کا ذریعہ قرار دیا جا چکا ہے۔
’گوگل‘ کی پرائیویسی پالیسی کے مطابق کمپنی معلومات کو اپنی سروسز بہتر بنانے اور نئے فیچرز تیار کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے، تاہم ’بلومبرگ‘ کی رپورٹ کے مطابق ’گوگل‘ کے خلاف ایک مجوزہ اجتماعی مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی نے خفیہ طور پر جیمینائی اے آئی کو صارفین کی مکمل ای میل ہسٹری تک رسائی دی۔
IMPORTANT message for everyone using Gmail.
You have been automatically OPTED IN to allow Gmail to access all your private messages & attachments to train AI models.
You have to manually turn off Smart Features in the Setting menu in TWO locations.Retweet so every is aware. pic.twitter.com/54FKcr4jO2
— Dave Jones (@eevblog) November 19, 2025
گوگل کے ترجمان نے ان رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’جی میل کے سمارٹ فیچرز کئی سالوں سے موجود ہیں اور صارفین کے ای میل مواد کو جیمینائی اے آئی کی تربیت کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا۔‘

ترجمان کے مطابق ’گوگل پالیسی میں کسی بھی تبدیلی کے حوالے سے صارفین کو واضح طور پر آگاہ کرتا ہے۔‘
تاہم اگر صارفین اب بھی اپنی پرائیویسی پر زیادہ کنٹرول چاہتے ہیں تو وہ اس فیچر کو بند کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ڈیسک ٹاپ پر جی میل کی سیٹنگز میں جا کر جنرل ٹیب سے ’سمارٹ فیچرز‘ کو غیر فعال کرنا ہوگا، جبکہ ’گوگل ورک سپیس‘ کی سمارٹ سیٹنگز بھی الگ سے بند کرنا ہوں گی۔













