Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فہد پل سے مقیم غیرملکیوں کو آنے کی مشروط اجازت

پی سی آر ٹیسٹ سے 8 برس سے کم عمر بچے مستثنی ہوں گے- (فوٹو اخبار 24)
بحرین اور سعودی عرب کو ملانے والے کنگ فہد پل کی اتھارٹی نے اس راستے سے سعودی عرب آنے والے شہریوں، مقیم غیرملکیوں، وزٹ ویزے، ملازمت کے ویزے یا سیاحتی ویزے پر آنے والوں کے لیے نئے ضوابط جاری  کیے ہیں۔
کنگ فہد کازوے اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر تفصیلی بیان میں بتایا ہے کہ ’ویکسین یافتہ وزٹ ویزے والوں، مقیم غیرملکیوں اور ملازمت یا سیاحت کے ویزوں پر آنے والوں کو پی سی آر سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر مملکت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ پی سی آر کی شرط یہ ہے کہ اس کا نمونہ 72 گھنٹے کے اندر لیا گیا ہو‘۔
سعودی شہریوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ شہریوں سے آمد پر پی سی آر سرٹیفکیٹ طلب نہیں کیا جائے گا‘۔
’ویکسین یافتگان سے آمد پر کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا نہ انہیں قرنطینہ کے لیے کہا جائے گا‘۔
بغیر ویکسین اور 18 برس سے کم عمر والوں کے لیے سات دن تک ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کرنا ہوگی جبکہ آئسولیشن کے چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ اس ٹیسٹ سے  8 برس سے کم عمر کے بچے  مستثنیٰ ہوں گے۔
کنگ فہد کازوے اتھارٹی نے سعوی شہری کی غیرملکی بیوی، سعودی خاتون کے غیرملکی شوہر، ان کی اولاد، ان کے ہمراہ آنے والے گھریلو عملے، سفارتکاروں، ان کے ہمراہ مقیم اہل خانہ اور گھریلو عملے کے حوالےسے تین ضابطے جاری کیے ہیں۔
انہیں پی سی آر سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ ضروری ہو کہ اس کا نمونہ 72 گھنٹے اندر لیا گیا ہو۔ اس سے 8 برس سے کم عمر بچے مستثنیٰ ہوں گے۔
ویکسین یافتگان سے ہوٹل قرنطینہ کی پابندی کرائی جائے گی نہ آنے پر کورونا ٹیسٹ کے لیے کہا جائے گا۔
بغیر ویکسین اور 18 برس سے کم عمر والوں کے لیے 7 دن کا ہاؤس آئسولیشن ضروری ہوگا۔ چھٹے دن پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ اس سے 8 برس سے کم عمر بچے مستثنیٰ ہوں گے۔
کنگ فہد کازوے اتھارٹی نے ٹرکوں کے ڈرائیوروں اور معاونین کے حوالے سے دو ضابطے جاری کیے ہیں۔
اول، ان سے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ طلب نہیں کیا جائے گا۔
دوم، ان پر ہوٹل قرنطینہ یا آنے کے بعد ٹیسٹ کی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
کنگ فہد کازوے اتھارٹی نے ویکسین نہ لینے والے صحت کے عملے کے بارے میں بھی دو ضابطے جاری کیے ہیں ۔
سرکاری اداروں (صحت، نیشنل گارڈ، دفاع، تعلیم اور ان جیسے دیگر اداروں) کے  اہلکاروں پر ہاؤس قرنطینہ کا اصول لاگو کیا جائے گا۔ چوبیس گھنٹے کے دوران اور ساتویں دن پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔
پرائیویٹ سیکٹر کے اہلکاروں پر ہوٹل قرنطینہ لاگو ہوگا چوبیس گھنٹے کے دوران اور ساتویں دن پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔
کنگ فہد کازوے اتھارٹی  نے وزارت صحت کے یہاں منظور شدہ ویکسینوں کے بارے میں بتایا ہے کہ ان کی تعداد 4 ہے۔
جو ویکسین منظور کی گئی ہیں ان میں فائیزر دو خوراکیں، ایسٹرازینکا دو خوراکیں، موڈرینا دو خوراکیں اور جانسن ایک خوراک شامل ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: