Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی قومی شناختی کارڈ غیر ملکی سفر کے لئے ابھی کارآمد نہیں

رواں سال تقریباً سوا تین لاکھ گاڑیاں کازوے کو عبور کر چکی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کیلئے سفری دستاویز کے طور پر قومی شناختی کارڈ کا استعمال تاحال معطل ہے۔ یہ بات ایسٹرن پراونس پاسپورٹس کے ترجمان معلی العتیبی نے بتائی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  معلی العتیبی نے مزید واضح کیا ہے کہ غیر ملکی سفر کے خواہشمند شہریوں کو چاہئے کہ وہ جس ملک کا سفر اختیار کرنا چاہتے ہیں، اس کی عائد کردہ شرائط کی تصدیق کریں اور ان کی تکمیل یقینی بنائیں۔

مسافروں کی سلامتی اور تحفظ کے لیے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

گزشتہ سال فروری میں سعودی وزارت خارجہ نے جی سی سی کے شہریوں کے مملکت آنے اور جانے کے لئے قومی شناختی کارڈ کا استعمال معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس کے ساتھ ہی کووڈ 19کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔
العتیبی نے مزید کہا  ہے کہ17مئی سے بری، بحری اور فضائی تمام راستوں سے بیرون ملک سفر پرعائد پابندی ختم ہونے کے بعد مشرقی ریجن پاسپورٹس کے سرحدی مقامات اپنا کام دوبارہ شروع کردیا ہے۔ تمام سرحدی چوکیوں پر بیک اپ آلات اور سسٹم کی بحالی کا کام بھی انجام دیا گیا ہے۔
روانگی کے علاقے میں  گاڑیوں کے لیے مزید 10 لائنیں بنائی گئی ہیں جس سے اب کل تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ آنے والے راستوں میں لائنز کی تعداد 36 ہے۔

غیر ملکی سفر کے خواہشمند عائد کردہ شرائط کی تکمیل یقینی بنائیں۔(فوٹو عرب نیوز)

العتیبی نے بتایا کہ کنگ فہد کازوے پاسپورٹس نے مسافروں کی آمدورفت میں آسانی کے لئے اپنی آپریشنل صلاحیت میں 30 فیصد اضافہ کیا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام احتیاطی تدابیر کو بروئے کارلاتے ہوئے تیز رفتار اور آسانی سے سفر کو یقینی بنانے کے لئے پورٹ حکام کے ساتھ میٹنگز اور ورکشاپس منعقد کی گئی ہیں۔
 کنگ فہد کاز وے میں سعودی کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرل ضیف اللہ العتیبی نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ کاز وے کے ذریعہ آنے اور جانے والوں کو خوش آمدید کہنے اور تمام مسافروں کو کسٹم خدمات فراہم کرنے کے لئے  موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور بحرین کو ملانے والے راستے کنگ فہد پل پر کسٹمز  کے محکمہ نے طریقہ کار کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے بارڈر کراسنگ پر کام کرنے والے تمام فریقوں کے مابین جاری تعاون اور ہم آہنگی کی تصدیق کی اور کہا کہ بندرگاہ کے حکام سب سے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک بزنس سسٹم  کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

 مارچ 2020 سے اپریل2021 تک دو لاکھ 72 ہزار ٹرکوں کی آمدورفت ہوئی۔ (فوٹو عرب نیوز)

انہوں نے کہا کہ کسٹمز نے احتیاطی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جسے دونوں ممالک کے مابین سفر کے آغاز کے ساتھ ہی مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی تمام تر سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے مابین افرادی سفر معطل ہونے کے بعد کنگ فہد کاز وے پر کسٹمز نے مال بردار ٹریفک پر کام جاری رکھا۔
کازوے کسٹمز کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2020 سے اپریل2021 کے اختتام تک کی دو لاکھ 72 ہزار ٹرکوں کی مملکت میں آمدورفت مکمل ہوئی جبکہ رواں سال کے آغاز سے دونوں جانب تقریباً سوا تین لاکھ گاڑیاں کازوے کو عبور کر چکی ہیں۔
 

شیئر: