Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین طالبہ کے لیے امارات کا دس سالہ گولڈن اقامہ

انڈین طالبہ تسنیم نے تمام تعلیمی سالوں میں اعلیٰ ریکارڈ حاصل کیا ہے۔ (فوٹو خلیج ٹائمز)
انڈیا کی ریاست کیرلا کی طالبہ تسنیم اسلم نے اعلیٰ تعلیمی ریکارڈ کے باعث متحدہ عرب امارات کا گولڈن اقامہ حاصل کیا ہے۔
 یہ اقامہ ممتاز طالبات کے زمرے میں آنے پر دیا گیا ہے- تسنیم کو 2031 تک امارات کا اقامہ مل گیا ہے۔
البیان کے مطابق تسنیم نے اس خوشخبری پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی کا بہترین لمحہ ہے- اس کامیابی پر فخر محسوس کررہی ہوں اور اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں۔‘ 
تسنیم اسلم نے اپنی کامیابی پر فیملی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گھر والوں نے میری بڑی مدد کی- ان کا احسان کبھی نہیں بھول سکوں گی- احسان چکانے کی ہر ممکن کوشش کروں گی۔‘

انڈین طالبہ تسنیم کو 2031 تک امارات کا اقامہ مل گیا- (فوٹو البیان)

خلیج ٹائمز نے اس کی تفصیلات انڈین ایکسپریس کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہیں- 
البیان کے مطابق تسنیم اسلم نے شارجہ کی القاسمیہ یونیورسٹی میں اسلامی علوم حاصل کیے اور 72 ممالک کے طلبہ پر برتری حاصل کی- تمام تعلیمی سالوں میں اعلیٰ ریکارڈ حاصل کیا- چار سال مسلسل سالانہ امتحانات میں تسنیم کے 400 میں سے 395 نمبر آئے ہیں- قرآن کریم کی حافظہ ہیں اور اسلامی فقہ ان کا خصوصی مضمون ہے- 
تسنیم اسلم کے والد کا کہنا ہے کہ ’مجھے اپنی بیٹی پر فخر ہے- گولڈن اقامے کی اطلاع ملنے پر دنیا بھر میں موجود رشتہ دار اور احباب نے مبارکباد دی‘۔ 
تسنیم کے والد نے بتایا کہ شارجہ میں ان کا پبلشنگ سینٹر ہے جس کے کاموں میں بیٹی ان کی مدد کرتی ہے، جبکہ ایک تجارتی ادارے کے سوشل اکاؤنٹ بھی سنبھالے ہوئے ہیں- علاوہ ازیں فارغ اوقات میں عبائے بھی ڈیزائن کرتی ہیں-
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: