Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امریکہ مختلف ممالک کو ویکسین کی 8 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا‘

امریکہ کوویکس کے ذریعے بھی ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جوبائیڈن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تقسیم سے متعلق اپنے منصوبے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’عالمی سطح پر کورونا وائرس ویکسین کی 8 کروڑ خوراکیں تقسیم کی جائیں گی جبکہ کوویکس پروگرام کے ذریعے ویکسین کی 75 فیصد خوراکیں تقسیم کی جائیں گی۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے جمعرات کو کہا کہ ’ہم کورونا وائرس کی ویکسین کی خوراکیں دنیا کے ساتھ اس لیے شیئر کریں گے تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے اور اس وبا کے خاتمے کے لیے دنیا کی مدد کی جاسکے۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم یہ فائدے اٹھانے یا رعایتیں پانے کے لیے شیئر نہیں کر رہے۔‘
وائٹ ہاؤس کے مطابق ’کوویکس کے ذریعے واشنگٹن لاطینی امریکہ، کیریبئن، جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا اور افریقی ممالک کو ترجیح دے گا۔‘
کوویکس ایک بین الاقوامی سکیم ہے جو عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے بنایا گیا جو غریب ممالک کو کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرتا ہے۔
امریکی پلان کے کے مطابق پہلی 25 ملین خوراکوں میں سات ملین ایشیا بالخصوص انڈیا، نیپال، بنگلہ دیش، پاکستان، سری لنکا، افغانستان ویتنام، پاپوا نیو گنی اور تائیوان کے لیے مختص ہیں۔
تقریباً چھ لاکھ ویکسین کی خوراکیں جنوبی اور مرکزی امریکہ اور دی کیریبیئن ممالک کے لیے مختص ہیں۔
اسی طرح امریکہ کی جانب سے افریقہ کے لیے پانچ ملین خوراکیں مختص کی گئی ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ’عالمی وبا کورونا سے دنیا میں اب تک 17 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 37 لاکھ کے قریب ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘

شیئر: