Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ حاصل کرنے کے بعد سفر نہ کریں تو کیا مشکل ہوسکتی ہے؟

ہروب کو کینسل کرانے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے(فوٹو سیدتی)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ ( جوازات) کی بیشتر خدمات آن لائن فراہم کی جارہی ہیں۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کے دوران اقامہ اور دیگر معاملات کو نمٹانے کےلیے جوازات نے ابشر اور مقیم پورٹل پر خصوصی سروس کا آغاز کیا تھا۔ 
 جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ اپنے سائق خاص (فیملی ڈرائیور) کا ہروب لگایا تھا مگر اب وہ واپس ڈیوٹی پرآگیا ہے، ہروب کیسے کینسل کرایا جائے۔
 جوازات کی جانب سے کہا گیا ’گھریلو ملازمین کے ہروب کو کینسل کرانے کے لیے 15 دن کا وقت ہوتا ہے۔جوازات کی ڈیجیٹل خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہروب کینسل کرانا ممکن ہے۔
مقررہ دوہفتے کے اندر ابشرپورٹل پر موجود سروس ’تواصل ‘ میں جائیں جہاں مطلوبہ براوز میں تفصیلات درج کریں اور ارسال کردیں‘۔ 
خیال رہے ابشر پورٹل پر جہاں اقامہ کی تجدید و خروج وعودہ ویزے کے حصول کے علاوہ متعدد سہولتیں موجود ہیں وہاں خصوصی طور پر جاری کردہ براوز ’تواصل‘ کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل ’رسائل والطلبات‘ کے عنوان سے یہ سہولت محدود طریقے سے پیش کی جارہی تھی۔ 
’تواصل‘ کے معنی رابطے کے ہیں اور اس سروس کا بنیادی مقصد لوگوں کو جوازات کے دفتر میں بلائے بغیر انکے مسائل کو حل کرنا ہے۔
تواصل سروس پر کسی بھی معاملے کے بارے میں جو خودکار طریقے سے مکمل نہیں ہوتا درخواست دی جاسکتی ہے تاہم اس کے لیے اہم امور کا خیال رکھنا ضروری ہے جن میں درخواست دیتے ہوئے معاملے کے درست اور مختصر نکات درج کیے جائیں اگرکوئی دستاویزی ثبوت بھی ہو تو اس کی فوٹو اپ لوڈ کردی جائے۔

خروج وعودہ  جاری ہونے کے بعد فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

 ایک غیر ملکی کی جانب سے خروج وعودہ کے حوالے سے پوچھا گیا کہ خروج وعودہ حاصل کرلیا مگر سفرکرنے کا ارادہ ملتوی کردیا کیا اس صورت میں کسی قسم کی مشکل ہو سکتی ہے؟ 
جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’خروج وعودہ ویزے کی مدت کے دوران سفر نہ کرنے پر اسے کینسل کرانا لازمی ہے بصورت دیگر ویزہ کینسل نہ کرنے پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے‘۔ 
واضح رہے خروج وعودہ کی فیس ماہانہ بنیاد پر وصول کی جاتی ہے جو 100 ریال ماہانہ ہے جبکہ کم از کم 2 ماہ کی مدت کا خروج وعودہ جاری کرایا جاتا ہے۔ 
یہ بھی خیال رکھیں کہ خروج وعودہ جاری ہونے کے بعد جمع کرائی گئی فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔
ویزے کی مدت کے دوران  اسے استعمال نہ کرنے یعنی سفر نہ کرنے کی صورت میں یہ لازمی ہے کہ ویزے کو مقررہ مدت کے دوران کینسل کرایا جائے بصورت دیگر مدت ختم ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ جب تک جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا اقامہ کی تجدید میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔ 

شیئر: