Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکیب الحسن کی امپائر سے تکرار: ’بھابی کا سارا غصہ وکٹوں پر نکال دیا‘

شکیب الحسن نے اپنے ردعمل پر تنقید کے بعد معافی مانگ لی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کرکٹ میں کھیل کے دوران پلیئرز کی جانب سے مختلف طریقوں سے جذبات کا اظہار اب عام سی بات ہے تاہم کسی کھلاڑی کی اچانک حرکت بعض اوقات دوسروں کو محظوظ کرنے کے بجائے تنقید کی وجہ بن جاتی ہے۔
محمڈن سپورٹنگ کلب اور ابہانی لمیٹڈ کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران بنگلہ دیشی آل راونڈر شکیب الحسن نے آؤٹ کرنے کے بعد کچھ اس طرح اپیل کی کہ کرکٹ شائقین کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
معاملہ آگے بڑھا تو بعد میں شکیب الحسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی۔
اپنے آفیشل فیس بک اکاونٹ پر مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ ’پیارے شائقین اور فالوورز، میں غصہ کرنے اور سب کے لیے میچ خراب کرنے پر، خاص طور پر وہ لوگ جو گھروں سے دیکھ رہے ہیں، انتہائی معذرت خواہ ہوں۔‘
’مجھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو اس طرح کا ردعمل نہیں دینا چاہیے تھا لیکن بعض اوقات بدقسمتی سے ایسا ہو جاتا ہے۔‘
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ’میں اس انسانی غلطی پر ٹیموں سے، انتظامیہ، ٹورنامنٹ حکام اور آرگنائزنگ کمیٹی سے معذرت چاہتا ہوں۔ امید ہے کہ میں آئندہ اس عمل کو نہیں دہراؤں گا۔ آپ سب کا شکریہ اور پیار۔‘

میچ کے دوران کھلاڑی کو آوٹ کرنے کے بعد امپائر کی جانب سے ان کے حق میں فیصلہ نہ آنے پر شکیب الحسن کا ردعمل معمول سے ہٹ کر تھا۔
صارفین کی جانب سے ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ جس میں واضع طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ آل راونڈر وکٹوں کو لات مار کر امپائر سے بحث کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل سیون کرکٹ، ے ویڈیو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’حقیقت میں ناقابل یقین مناظر۔۔۔ شکیب الحسن مکمل طور پر آپے سے باہر ہوگئے، ایک بار نہیں بلکہ دو بار۔ انتظار کریں جب وہ وکٹوں کو نکالتے ہیں۔‘

سوشل میڈیا صارف سونیا کِرن ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’ایسا لگتا ہے شکیب الحسن نے بھابھی کا سارا غصہ امپائر اور وکٹوں پر نکال دیا۔‘

ویڈیو کا دوسرا حصہ شیئر کرتے ہوئے صارف عاطف نواز نے لکھا ’ یہاں شکیب کا غصہ عالمی معیار کا ہے۔ وہ وکٹیں نکال کر زمین پر اس طرح پھینکتے ہیں جیسے آپ کے کھلونے پریم سے باہر پھینک دیے ہوں۔

شیئر: