Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بند کرو اسے‘، وفاقی وزیر احسن اقبال کہتے ہیں کہ ’تشویش کے پیغامات پر شکریہ‘

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ احسن اقبال کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جمعرات کی شب دیر گئے وائرل ہوا جس میں وہ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں براہ راست شریک تھے۔
شیئر کیے گئے اس مختصر دورانیے کے ویڈیو کلپ میں وفاقی وزیر اینکر وسیم بادامی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے ہیں جب اچانک اُن کا فون چھین لیا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اس ویڈیو کلپ کے مطابق احسن اقبال اسلام آباد میں اپنے گھر بیٹھے ہوئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ویڈیو میں دیکھے جا رہے منظر کے مطابق جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ایک لمحے کے لیے سامنے اوپر دیکھتے ہیں اور پھر اچانک ایک آواز اُن کو مخاطب کرتی ہے کہ ’بند کرو اسے۔‘
اس کے بعد ایسے نظر آتا ہے کہ جیسے اُن کا فون کسی نے چھین لیا ہے یا نیچے گر گیا ہے۔
ویڈیو بند ہوتے ہی سکرین پر موجود اینکر وسیم بادامی حیرت سے دیکھتے ہیں کہ یہ سب کیا ہوا۔
اس ویڈیو کلپ کو متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ہینڈلز سے شیئر کر کے تبصرے کیے گئے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں اس کو دیکھا گیا اور فوری طور پر اس حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی کہ وفاقی وزیر خیریت سے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس پر ایک ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے احسن اقبال سے بات کی ہے۔ بچے غیرمتوقع طور پر بھاگتے ہوئے اُن کے سٹڈی روم میں آ گئے تھے۔ سب ٹھیک ہے اور وہ دوبارہ شو میں واپس آ گئے۔‘
کچھ دیر بعد احسن اقبال نے خود ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’تشویش کے پیغامات کے لیے آپ کا شکریہ۔ براہ راست نشریات کے دوران ایک مختصر خلل اس وقت پیش آیا جب ایک قریب میں جھگڑنے والا نہیں جانتا تھا کہ میں لائیو آن ایئر ہوں۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے کچھ ہی دیر بعد انٹرویو میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔ مجھے امید ہے کہ ہم اس پر غیرضروری سیاست کرنے سے احتراز کر سکتے ہیں۔‘

 

شیئر: