Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم بنانے کے لیے 5 کروڑ تک کا قرضہ دیں گے:فواد چوہدری

فواد چوہدری کے مطابق فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے چار یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ فوٹو: پی آئی ایف ایف
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سینما گھروں کو سستے ریٹ پر بجلی مہیا  کرے گی جبکہ انڈسٹری کے تمام ٹیکسس بھی ختم کرنے جا رہے ہیں۔
پیر کو پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ سینما گھروں اور فلم کی بحالی کے لیے کام کرے۔
صحافت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اس وقت 42 جرنلزم سکولز ہیں جو جرنلزم وہ پڑھا رہے ہیں اس کا پریکٹیکل جرنلزم سے تعلق ہی نہیں ہے، اب ٹک ٹاک کی دنیا ہے جہاں 40 سیکنڈز میں اپنا پیغام پہنچایا جا سکتا ہے۔
فلم پروڈکشن میں دلچسپی لینے والے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’آپ نوجوان اگر فلم بنانا چاہتے ہیں تو ہم 5 کروڑ تک کا قرضہ دیں گے۔ اس طرح کے کام بڑے جذبوں سے ہوتے ہیں، ہم پہلا سکول آف ٹیکنالوجی بنانے جارہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ملک میں چار یونیورسٹیاں قائم کرنے جا رہے ہیں، جبکہ ایک فلم سکول کراچی میں بنانے کے لیے ہم نیوز کی صدر سلطانہ صدیقی سے بات جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماڈررن جرنلزم اور پرفارمنگ آرٹس کے سکول بھی بنائے جائیں گے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فلم کی پستی کے کئی عناصر ہیں، 1980 میں سوویت یونین کا افغانستان پر قبضہ سب سے بڑا مسئلہ تھا۔ 

آج کل ٹک ٹاک کی دنیا ہے،جہاں 40 سیکنڈز میں اپنا پیغام ویڈیو کے ذریعے پہنچایا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’سویت یونین نے ہم سے پوچھ کر قبضہ نہیں کیا مگر بھگتنا ہمیں پڑا۔ پاکستان کی لبرل اور پروگریسو سوسائٹی آہستہ آہستہ شدت پسندی کی نظر ہوگئی، ہندوستان کی سوسائٹی بھی اس سوچ کی جانب بڑھ رہی ہے، فلمیں بھی متاثر ہوں گی۔‘
دنیا بھر میں فلم اور ویب سیریز کے مشہور پلیٹ فارمز نیٹفلکس اور ایمازون کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ وہاں موجود لوبیز کی وجہ سے ایمازون اور نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد نہیں چل سکتا، اس لیے اپنے پلیٹ فارمز تخلیق کرنے ہوں گے جیسے ’پرواز ہے جنون‘ کے پرنٹس چین میں چلائے گئے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ستمبر 2020 میں سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات کے بعد فلم انڈسٹری کی بحالی کی منظوری دیتے ہوئے فلم پالیسی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

شیئر: