Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: تین وکٹوں کے نقصان پر انڈیا کا سکور 146 رنز

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا پہلا دن بارش کی نظر ہو گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انڈیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔
بارش اور خراب روشنی کے باعث کھیل کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔
 انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ کو خراب روشنی اور بارش کے باعث تیسرے سیشن شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی روک دیا گیا۔ اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔
انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی 44 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جب کہ اجینکیا ریہانے 29 رنز کے انفرادی سکور پر کھیل رہے ہیں۔
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز شبمین گل اور روہت شرما نے کیا تھا۔
انڈیا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 62 کے مجموعی سکور پر روہت شرما 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں کائل جیمیسن نے ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔  
شھبمین گل 28 رنز بنا کر وینگر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔  چیتیشور پجارا آٹھ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس وقت انڈیا کا مجموعی سکور 88 رنز تھا۔
اس مرحلے پر کپتان وراٹ کوہلی اور ریہانے نے انڈیا کی اننگز کو سنبھالا دیا۔ دونوں کے درمیان اب تک 58 رنز کی پارٹنرشب قائم ہو چکی ہے۔  
خیال رہے چیمپئن شپ کے فائنل کا پہلا دن بارش کی نظر ہو گیا تھا۔
عام طور پر ٹیسٹ میچ کا دورانیہ پانچ دن کا ہوتا ہے لیکن اس میچ کو چھٹے دن تک بھی لے جایا جا سکتا ہے جس کا فیصلہ میچ ریفری کرس براڈ کریں گے۔
فائنل کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا اور ہارنے والی ٹیم کے حصے میں آٹھ لاکھ ڈالرز آئیں گے۔

شیئر: