Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکشی سٹار اشرف حکیمی نے افریقن فٹبالر آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ جیت لیا

حکیمی 52 سال بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ڈیفینڈر بن گئے (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے مراکشی فٹبالر اشرف حکیمی کو بدھ کے روز رباط میں ہونے والی 2025 سی اے ایف ایوارڈز کی تقریب میں افریقن فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز دیا گیا۔ وہ 52 سال بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ڈیفینڈر بن گئے۔ ووٹنگ میں انہوں نے محمد صلاح اور وکٹر اوسِمےن کو پیچھے چھوڑا۔
مراکشی رائٹ بیک حکیمی کو پی ایس جی کے ساتھ شان دار کارکردگی پر یہ اعزاز ملا، جہاں انہوں نے چیمپئنز لیگ، لیگ 1، کوپ ڈی فرانس اور یوئیفا سپر کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ 1998 کے بعد پہلے مراکشی فٹبالر ہیں جنہوں نے یہ ایوارڈ جیتا۔ اس سے قبل یہ اعزاز مصطفیٰ حاجی نے حاصل کیا تھا، جب کہ ڈیفینڈر کے طور پر آخری بار یہ اعزاز 1973 میں زائر کے بوانگا چشیمین کو ملا تھا۔
اشرف حکیمی نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرے لیے بے حد فخر کا لمحہ ہے۔ یہ ٹرافی صرف میری نہیں بلکہ اُن تمام مضبوط مردوں اور عورتوں کی ہے جو افریقہ میں فٹبالر بننے کا خواب دیکھتے ہیں۔ جن لوگوں نے بچپن سے مجھ پر یقین کیا، میں اُن سب کا شکر گزار ہوں۔‘
تقریب میں مراکش نے دیگر کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ سعودی عرب میں کھیلنے والی فاورڈ غزلان شِباک کو ویمنز فٹبالر آف دی ایئر جبکہ الہلال کے یاسین بونو کو گول کیپر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
نائجیریا کی چیاماکا نناڈوزیے نے مسلسل تیسری بار ویمنز گول کیپر آف دی ایئر کا اعزاز جیتا۔ وہ حال ہی میں ویمنز سپر لیگ کی ٹیم برائٹن اینڈ ہوو البیون میں شامل ہوئی ہیں۔
کیپ وردے کے کوچ بوبِستا کو کوچ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے چھوٹے سے جزیرے نما ملک کو پہلی بار اگلے سال امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرایا۔

شیئر: