Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سُپر لیگ میں دو نئی ٹیمیں کن شہروں سے ہوں گی؟

اس سے قبل پی ایس ایل میں چھ ٹیمیں شریک تھیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل ہونے والی نئی دو ٹیموں کے نام ابھی فائنل نہیں کیے گئے۔
جمعرات کو پی سی بی نے  ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بولی کے عمل میں چھ شہروں کی ٹیموں کے نام سہرفہرست ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ وہ پی ایس ایل میں دو ٹیموں کا اضافہ کر رہا ہے جس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نئی ٹیموں کے طور پر فیصل آباد اور گلگت کے نام حتمی کر دیے گئے ہیں۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’حال ہی میں میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی جاتی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کے شہروں کے نام حتمی کر دیے گئے ہیں۔‘
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ’نیلامی کے عمل کے تحت کامیاب بولی دہندگان کو اجازت ہوگی کہ وہ درج ذیل شہروں میں سے کسی بھی شہر یا ٹیم کا نام منتخب کر سکیں جن میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔‘
پی سی بی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ’نئی ٹیموں کے فرنچائز حقوق حاصل کرنے میں عالمی سطح پر دلچسپی بڑھ رہی ہے، جو پاکستان کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت قدم ہے۔ ٹیم فرنچائز کے لیے عوامی اشتہار 15 نومبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر کی کمپنیوں اور افراد کو بولی دینے کی دعوت دی گئی ہے۔‘
’بولی جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2025 صبح 11 بجے مقرر کی گئی ہے جس کے بعد تکنیکی اور مالی پیشکشوں کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
پی سی بی نے تمام فریقین کو تاکید کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں کیونکہ دیگر ذرائع سے پھیلائی گئی خبریں غیر معتبر ہوں گی۔
یہ اقدام پاکستان سپر لیگ کی توسیع اور ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے جس سے نئے شہروں کو بھی پاکستان کے سب سے بڑے ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب پی سی بی اور ملتان سلطانز کے مابین تنازع تا حال حل نہیں ہوا جبکہ پی سی بی نے ملتان سلطانز کے علاوہ دیگر پانچ فرنچائزز کو ویلیو ایشن اور تجدید کی دستاویزات بھجوا رکھی ہیں۔
 

شیئر: