ریاض: اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا
اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان کے یاسر سلطان نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
بدھ کو ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.44 میٹر تھرو کی، ان کی دوسری تھرو 83.05 میٹر، تیسری تھرو 82.48 میٹر جبکہ ان کی چوتھی تھرو 77.06 میٹر کی رہی۔
ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ یاسر سلطان نے 76.04 کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
نائیجیریا کے سیموئل ایڈمز نے 76.01 ،یٹر تھور کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر جیولین تھرو کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کو 1992 کے بارسلونا گیمز کے بعد پہلا اولمپک تمغہ اور 1984 کے لاس اینجلس گیمز کے بعد پہلا گولڈ میڈل جتوایا۔
ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے پر پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
ریاض میں 7 نومبر سے شروع ہونے والی اسلامک سالیڈیریٹی گیمز 21 نومبر تک جاری رہیں گی جن میں 57 اسلامی ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
