Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح کم، ویکسینیشن کی صورتحال میں ’آج سے بہتری‘

پاکستان میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی قلت کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک میں وبا کے نئے کیسز کی شرح تیزی سے گری ہے۔
پیر کو جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے 907 مثبت کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ اس دوران 34 ہزار 754 ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔
سینٹر کے مطابق اس طرح پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ چھ فیصد رہی۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 30 اموات ہوئیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 272 رہی۔

ویکسینیشن کی صورتحال

پاکستان میں گزشتہ ہفتے ویکسین کی قلت پیدا ہونے کی شکایات کے بعد حکام نے کہا ہے کہ آج سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔
اتوار کو این سی او سی نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں چین سے ویکسین کی مزید 15 لاکھ خوراکیں پہنچا دی گئی ہیں جو چاروں صوبوں کے ویکسینیشن سینٹرز کو ارسال کی جا رہی ہیں۔
این سی او سی کے سابق اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اگلے دس روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ ویکسین پہنچنے کی ٹویٹ کی تھی۔
اسد عمر نے کہا تھا کہ یومیہ لاکھوں شہری ویکسینیشن کرا رہے ہیں اور امید ظاہر کی تھی کہ یہ تعداد مزید بڑھے گی۔

چین سے ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں اتوار کو پاکستان پہنچائی گئی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ایسٹرازینیکا ویکسین کے لیے احتجاج

پاکستان میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی قلت کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصا صوبہ پنجاب میں ایسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں جس کے باعث اتوار کو ایکسپو سینٹر لاہور کے باہر ویکسین لگوانے والوں نے احتجاج کیا۔ 
ایکسپو سنٹر لاہور کے باہر احتجاج کرنے والوں میں زیادہ تر تعداد ان افراد کی تھی جو بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں۔ 
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے۔
پاکستان میں بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم بیشتر سینٹرز میں مطلوبہ ویکسین دستیاب نہیں۔
اتوار کو پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’پاکستان کو کوویکس کی جانب سے ایسٹرازینیکا ویکسین موصول ہوئی تھی اور دوسری کھیپ بھی کوویکس معاہدے کے تحت پاکستان کو فراہم کرے گا لیکن اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ کوویکس ایسٹرازینیکا کی دوسری کھیپ پاکستان کو کب بھیجے گا۔

شیئر: