Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایسٹرازینیکا کی عدم دستیابی: بیرون ملک سفر کرنے والوں کا دوسرے روز بھی احتجاج

کئی ممالک نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی قلت کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصا صوبہ پنجاب میں ایسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں جس کے باعث اتوار کو ایکسپو سینٹر لاہور کے باہر ویکسین لگوانے والوں نے دوسرے روز بھی احتجاج کیا۔ 
ایکسپو سنٹر لاہور کے باہر احتجاج کرنے والوں میں زیادہ تر تعداد ان افراد کی ہے جو بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں۔ 
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے۔ پاکستان میں بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگوانے کی اجازت دی گئی ہے تاہم بیشتر سینٹرز میں ویکسین دستیاب نہیں ہے۔  

ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ کب موصول ہوگی؟ 

صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان کو کوویکس کی جانب سے ایسٹرازینیکا ویکسین موصول ہوئی تھی اور دوسری کھیپ بھی کوویکس معاہدے کے تحت پاکستان کو فراہم کرے گا لیکن اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ کوویکس ایسٹرازینیکا کی دوسری کھیپ پاکستان کو کب فراہم کرے گا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق ’اس وقت پنجاب حکومت کے پاس ایسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں ہے اور نہ ہی وفاقی حکومت کے پاس صوبوں کو دینے کے لیے ویکسین موجود ہے تاہم کچھ ویکسین سینٹرز میں ایسٹرازینیکا کی چند خوراکیں موجود ہیں خصوصا ان علاقوں میں جہاں ویکسین لگوانے کی شرح کم ہے۔‘   

پاکستان میں 40 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگائی گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ کے حوالے سے وفاقی حکومت ہی بہتر جواب دے سکتی ہے، ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کوویکس کے تحت ہی پاکستان کو موصول ہوئی ہیں تاہم  پاکستان کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ  کب فراہم کی جائے گی اس حوالے سے کوویکس نے ابھی کوئی عندیہ نہیں دیا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 18 ہزار خوراکیں جبکہ سندھ میں 47 ہزار  ایسٹرازینیکا کی خوارکیں موجود ہیں۔
ترجمان خیبرپختونخوا محکمہ صحت رضوان ملک نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’فی الحال ہمارے پاس ایسٹرازینیکا کی 18 ہزار خوراکیں موجود ہیں جبکہ دیگر ویکسینز کا چار روز کا ذخیرہ موجود ہے۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’وفاقی حکومت کی جانب سے چینی ویکسین کی فراہمی ایک دو روز میں شروع کر دی جائے گی جس سے امید ہے کہ خیبر پختونخوا میں ویکسین کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔‘ 

حکام کے مطابق پاکستان فائزر ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کر چکا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

رضوان ملک کے مطابق ’ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ کب فراہم کی جائے گی اس حوالے سے تاحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔‘ 
وفاقی وزارت صحت کے حکام کی جانب سے بھی ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ موصول ہونے کے بارے تاحال کچھ نہیں بتایا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ’ہم پر امید ہیں کہ جون میں ہی کوویکس ایسٹرازینیکا کی دوسری کھیپ پاکستان کو فراہم کر دے گا لیکن اس حوالے سے حتمی طور پر کوویکس نے ابھی آگاہ نہیں کیا۔‘ 
حکام کے مطابق ’پاکستان فائزر ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کر چکا ہے جس کے تحت اگلے ماہ فائزر ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں موصول ہونے کی امید ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک ایک کروڑ سے زائد ویکسین پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔‘ 

شیئر: