Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں موصول، 50 لاکھ اگلے دس دن میں

این سی او سی کے مطابق 18 جون تک ملک میں ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو ویکیسن لگوائی جا چکی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ چین سے سائنو ویک ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے دس روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔
اتوار کو وفاقی وزیر کا یہ بیان اس وقت آیا جب گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ نے اپنے بیان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد کو ریکارڈ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جون کی 12 سے 18 تاریخ کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔
اسد عمر نے امید ظاہر کی کہ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔
خیال رہے کہ کراچی، لاہور کے علاوہ اسلام آباد کے کئی ویکسینیشن مراکز سے بھی شکایات آ رہی ہیں کہ وہاں شہریوں کو ویکسین کی پہلی خوراک نہیں لگائی جا رہی جبکہ  سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو بھی نہیں مل رہی۔

پاکستان میں چین کی تیار کردہ ویکسین بڑے پیمانے پر شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی

جمعے کو اس حوالے سے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر ضعیم ضیا نے تصدیق کی تھی کہ کچھ مراکز میں ویکسین کا سٹاک ختم ہو گیا تھا جسے اب مرکزی آفس سے بھیجا جا رہا ہے۔
این سی او سی کے مطابق 18 جون تک ملک میں ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو ویکیسن لگوائی جا چکی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی پابندیوں میں گزشتہ ہفتے سے نرمی کی گئی ہے اور حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا ہے۔

شیئر: