Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عالمی نشریات اب دنیا کی 15 زبانوں میں

36 سے زیادہ سعودی نوجوان عالمی نشریات میں شامل ہوں گے (فوٹو: سبق)
سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی نے 15 زبانوں میں سعودی عالمی نشریات کا نیا وژن جاری کیا ہے۔ نشریات کے اوقات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی نے سعودی عرب کی آواز 15 زبانوں میں دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے کے لیے متعدد سعودی نوجوانوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
سعودی نوجوان عبرانی، فارسی، روسی، چینی، جاپانی، سپینی، فرانسیسی، اردو، بنگالی، پشتو، ترکی، ترکستانی، صومالی، سواحیلی اور انڈونیشی زبانوں میں سعودی میڈیا میں خدمات انجام دیں گے۔
سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی  نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مزید زبانوں میں سعودی عالمی نشریات پیش کی جائیں گی۔ بیرونی دنیا کے سامعین کو عمدہ ، معیاری ابلاغی پروگرام فراہم کیے جائیں گے تاکہ سعودی وژن 2030  کے اہداف حاصل ہو سکیں اور سعودی پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچ سکے۔ 
اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد الحارثی نے بتایا کہ ’سعودی عالمی نشریات سے منسلک ہونے والے سعودی نوجوانوں کی ٹریننگ کے لیے خصوصی سیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں  36 سے زیادہ سعودی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے گا جو  15 سے زیادہ زبانیں بولتے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
الحارثی نے کہا کہ ’اتھارٹی سعودی جامعات سے فارغ ہونے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دریافت کرے گی اور ان کی سرپرستی کرے گی۔‘
سعودی عالمی نشریات کے ڈائریکٹر رویشد الصحافی کا کہنا ہے کہ عالمی نشریات کے ادارے نے سعودی جامعات کے صحافتی شعبوں سے انتہائی باصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کیا ہے جبکہ سیاسی اہداف حاصل کرنے کے لیے سیاسی تجربات اور پیشہ ورانہ ابلاغی پس منظر رکھنے والے ماہرین کی خدمات پروگرام کی تیاریوں میں حاصل کی جائیں گی۔
سعودی عالمی نشریات کی شروعات اب سے 70 برس قبل 10 زبانوں میں پروگراموں سے کی گئی تھی۔ یہ پروگرام دنیا کے  62 سے زیادہ ممالک میں سنے جاتے ہیں۔ اب سعودی عرب نے عالمی نشریات کی زبانوں کی تعداد اور معیار بڑھانے کا نیا پروجیکٹ شروع کیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں 

شیئر: