Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئس لینڈ میں سیاحت کا فروغ دبئی کے لیے امید کا باعث ہوسکتا ہے؟

رواں سال کے شروع میں دبئی میں بھی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
یورپی ملک آئس لینڈ جانے والے سیاحوں کی حالیہ تعداد میں 14 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دبئی سمیت دیگر ابھرتی ہوئی معیشتیں بھی سیاحوں کی تعداد اور سفر کی طلب میں اس قدر اضافے کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
عرب نیوز نے ’ٹیلی مار‘ نامی تحقیقاتی گروپ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال مئی میں آئس لینڈ کا دورہ کرنے والے سیاحوں میں 14 گنا اضافہ ہوا ہے۔‘
ٹیلی مار نے اپنے سٹریٹجی نوٹ میں کہا کہ ’دبئی کی طرح آئس لینڈ میں بھی سال کے شروع میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔‘
رپورٹ کے مصنف حسنین ملک کا کہنا ہے کہ ’وہ بذات خود برطانوی حکومت کے قرنطینہ کے لیے مختص کردہ ہوٹل میں 11 راتیں گزارنے کے ناخوش گوار تجربے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘
مصنف کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے سرخ فہرست والے ملک متحدہ عرب امارات سے برطانیہ کا سفر کرنا تھا جبکہ دبئی کا شہری ہونے کے ناطے انہیں فائزر ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی تھیں۔‘
حسنین ملک کے مطابق ’برطانیہ نے متحدہ عرب امارات کو سرخ فہرست میں ڈالا ہوا ہے جبکہ پیلی فہرست والے کئی ممالک کے مقابلے میں عرب امارات کورونا وائرس سے بہتر انداز میں نمٹ رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر زیادہ وقت ہوتا تو وہ آئس لینڈ کے ذریعے برطانیہ جاتے جہاں وہ 10 دن بھی گزار لیتے۔ برطانیہ نے آئس لینڈ کو سبز ممالک کی فہرست میں ڈالا ہوا ہے۔‘
ویکسین لگوانے کا ثبوت فراہم کرنے پر سیاح آئس لینڈ میں داخل ہو سکتے ہیں، وہاں پہنچنے پر مفت پی سی آر ٹیسٹ کیا جاتا ہے جبکہ آپ بغیر کسی مشکل کے اپنی چھٹیاں گزار سکتے ہیں۔

آئس لینڈ جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 14 گنا اضافہ ہوا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

حسنین ملک کا کہنا ہے کہ ’دیگر سیاحتی مقامات کی طرح آئس لینڈ بھی اپنی سرحدیں سیاحوں کے لیے ایک مرتبہ پھر کھول رہا ہے تاہم سیاحت کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ غیر جانب دار، قابل اور معاونتی پالیسی تشکیل دی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ دو ماہ میں آئس لینڈ میں سیاحوں کے اضافے سے یہ مثال قائم ہوئی ہے کہ کس حد تک بین الاقوامی سیاحت کی طلب موجود ہے۔‘
مصنف نے کہا کہ ’سال کے شروع میں دبئی کو بھی ایسے ہی تجربات کا سامنا رہا تاہم  یہ دیکھنا پڑے گا کہ انفیکشن میں بھی اس قدر ہی اضافہ ہوا ہے جتنا کہ دبئی میں تھا۔‘
دبئی نے برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اماراتی شہریوں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرے۔ یاد رہے کہ برطانوی سیاحوں کے لیے دبئی کا شمار مشہور مقامات میں ہوتا ہے۔
برطانوی سیکرٹری صحت میٹ ہینکوک نے منگل کو کہا کہ ’جن افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے انہیں ممکنہ طور پر گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے سفر کی اجازت دی جائے گی تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔‘

شیئر: