Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زندگی کی ضمانت دی جائے تو نواز شریف کی واپسی اگلی فلائٹ سے ہوجائے گی‘

مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے. فائل فوٹو: روئٹرز
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد نواز شریف بہت جلد پاکستان آئیں گے، اگر ان کی زندگی کو خطرہ نہ ہونے کی ضمانت دی جائے تو اگلی فلائٹ سے ملک واپس آ جائیں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا پارلیمنٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔
’اس حکومت کا پارلیمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، یہ پیراشوٹ کے ذریعے آئے ہیں۔ یہ پارلیمان میں سٹیک ہولڈرز نہیں، یہ عوامی نمائندے نہیں بلکہ ووٹ چوری کر کے آئے ہیں۔‘
مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو ان کے ریپ کے واقعات کو خواتین کے لباس سے جوڑنے کے حوالے سے بیان پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پست سوچ کی عکاسی کی ہے۔ یہ بہت بری سوچ ہے اور اس کا پاکستان سے خاتمہ ضروری ہے۔
’آپ نے جس طرح ان ریپ وکٹمز کی توہین کی، اس سے ان والدین کو تکلیف پہنچی ہوگی جن کے معصوم بچوں کا ریپ کیا گیا۔‘
ن لیگ کی نائب صدر نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی کا ریپ اس ہوتا ہے کہ اس نے غلط کپڑے پہنے ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مری ہوئی حکومت کو چلانے کے لیے جن کندھوں کی ضرورت ہے ان کو بچانے کے لیے، آٹا اورچینی مافیا کو این آر او دینے کے لیے ان کے گھر پہنچ جاتے ہیں۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’میڈم، میاں صاحب کب پاکستان واپس آ رہے ہیں؟‘۔
اس پر مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ان شااللہ، بہت جلدی، آپ مجھے اس بات کی گارنٹی دیں کہ نواز شریف واپس آئیں گے ان کو انصاف ملے گا اور ان کی زندگی کو خطرہ نہیں ہوگا، ان قاتلوں کے ہاتھ میں ان کی زندگی نہیں ہوگی، میں ان کو شام کی فلائٹ سے بلاتی ہوں۔‘

شیئر: