Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ اور مدینہ میں آج بھی شدید گرمی، عسیر میں بارش

سب سے زیادہ درجہ حرارت مکہ اور مدینہ ریجنوں میں ہوگا(فوٹو عاجل)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں شدید گرمی ہوگی جبکہ عسیر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ شہر کے علاوہ ساحلی علاقوں میں  شدید گرمی کے ساتھ مطلع غبار آلود رہے گا‘۔
دوسری طرف محکمے نے عسیر ریجن کے رہائشیوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ابہا سمیت المجاردہ، نماص، بارق، بلقرن، تنومہ اور خمیس مشیط میں آج موسلادھار بارش کی توقع ہے‘۔
’مذکورہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رات 8 بجے تک رہے گا‘۔
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ جمعرات 24 جون کو سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن  کے متعدد علاقوں میں جمعرات بھی شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی‘۔
’ الشرقیہ اور ریاض ریجنوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ ان کا سلسلہ  مغربی اور جنوب مغربی بالائی علاقوں کے مشرقی مقامات اور نجران تک پھیل جائے گا‘۔  
قومی مرکز نے بتایا کہ’ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے ساحلوں پر بھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی جبکہ جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں پر گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا‘۔ 
بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ جمعرات کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں ہوگا- 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودۃ میں رہے گا۔‘ 

شیئر: