Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور کی بالی وُڈ میں تشدد اور خونریزی کے بڑھتے رجحان پر تنقید

کرینہ کپور کی آئندہ آنے والی فلم ’دائرہ‘ رواں سال ریلیز ہونے کے امکانات ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ میں ایکشن فلموں کے بڑھتے رجحان پر اداکارہ کرینہ کپور نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ فلموں میں تفریح، گانے، محبت اور رومانس جیسے عناصر کم ہوتے جا رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں ’اینیمل‘، ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ جیسی ایکشن فلموں کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت میں تشدد اور سنسنی خیزی کے بڑھتے استعمال پر بحث جاری ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انٹرویو میں کلیانی پریادرشن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کہا کہ ’اس وقت فلموں میں تھرلر، کرائم، خونریزی اور تشدد کا رجحان غالب نظر آتا ہے۔‘
ان کے مطابق ’ایسی فلموں میں وہ عناصر کم ہو گئے ہیں جو ماضی میں بالی ووڈ کی پہچان تھے، جیسے تفریح، گانے، محبت اور رومانس وغیرہ۔‘
کلیانی پریادرشن کا کہنا تھا کہ ’فلمی رجحانات صرف پروڈیوسرز طے نہیں کرتے بلکہ ناظرین بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘ ان کے مطابق اس وقت ’ہائپر میسکولینٹی‘ یعنی حد سے زیادہ مردانہ کرداروں اور ایکشن پر مبنی کہانیوں کا رجحان چل رہا ہے، تاہم وہ اسے عارضی سمجھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر منظر کو سنسنی خیز اور حیران کن بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اکثر اس مقصد کے لیے تشدد کا سہارا لیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے چھوٹی اور جذباتی کہانیاں پس منظر میں چلی گئی ہیں۔
اداکارہ اننیا پانڈے نے بھی اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ ’فلمی صنعت میں اس طرح کے ٹرینڈز آتے اور جاتے رہتے ہیں۔‘
کام کے حوالے سے کرینہ کپور جلد ہدایتکارہ میگھنا گلزار کی فلم ’دائرہ‘ میں نظر آئیں گی جس میں ساؤتھ انڈین اداکار پرتھوی راج سُکمارن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم جرم، سزا اور انصاف کے درمیان پیچیدہ تعلقات کو موضوع بناتی ہے اور اس بات کا جائزہ لیتی ہے کہ ایک واقعہ کس طرح کئی زندگیوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
دوسری جانب کلیانی پریادرشن اپنی آنے والی تامل فلم ’جینی‘ کی ریلیز کی منتظر ہیں، جس میں روی موہن اور کرتھی شیٹی بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی ایک اور فلم ’مارشل‘ بھی زیرِ تکمیل ہے جس میں کارتھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔
 

شیئر: