Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل فائنل: ٹرافی زلمی اٹھائیں گے یا سلطانز لے جائیں گے؟

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی دوسری جبکہ پشاور زلمی کی تیسری پوزیشن ہے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں آج جمعرات کی رات پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز اور وہاب ریاض کی قیادت میں پشاور زلمی میدان میں اتریں گی۔
فتح پشاور زلمی کا مقدر بنتی ہے یا پہلی مرتبہ جیت کا ہما ملتان سلطانز کے سر پر بیٹھتا ہے اس کا فیصلہ ابوظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں جمعرات کی رات ہوگا۔
شائقین کرکٹ توقع کر رہے ہیں کہ انہیں آج ایک دلچسپ اور سنسنی خیر ٹاکرا دیکھنے کو ملے گا۔
اگر پی ایس ایل کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ پشاور زلمی نے چوتھی مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور ایک مرتبہ وہ ٹورنامنٹ جیتنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔

 

دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم اپنے دھیمے مزاج مگر زیرک کپتان محمد رضوان کی قیادت میں ناقدین کے اندازوں کو غلط ثابت کرتی ہوئی پہلی مرتبہ ٹائٹل سے ایک قدم کی دوری پر آپہنچی ہے۔
ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں دونوں ٹیموں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
پیر کے روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 سے شکست دی جبکہ منگل کو دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔
اگر پلے آف سے قبل کے میچز اور پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پشاور زلمی کی تیسری پوزیشن ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم نے 10 میچز میں سے پانچ میں فتح سمیٹی اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔
پشاور زلمی کی ٹیم بھی 10 میچز کھیلنے کے بعد 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر یہ ملتان سلطانز کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ایونٹ میں بابر اعظم کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو پشاور زلمی کے افغانستان سے تعلق رکھنے والے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے آخری دو میچز میں لگاتار دو نصف سنچریاں سکور کر کے ملتان سلطانز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ان کے ساتھ جوناتھن ویلز نے بھی عمدہ اننگز کھیلی اور اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے ٹی ٹوئنٹی کے تجربہ کار بولر سہیل تنویر بھی ردھم میں آگئے ہیں اور گذشته میچ میں انہوں نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جن میں ان کے ان فارم بلے باز کولن منرو بھی شامل تھے۔

سلطانز اور زلمی کے کپتان کیا کہتے ہیں؟

فائنل سے ایک روز قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’وہ آل آؤٹ جائیں گے اور میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

پشاور زلمی کے کپتان پی ایس ایل 6 میں 18 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کہتے ہیں کہ ’زلمی نے پورا ٹورنامنٹ ایک فیملی کی طرح کھیلی ہے، ہم ٹیم ورک اور جارحانہ کرکٹ پر یقین رکھتے ہیں اور فائنل بھی ایسے ہی کھیلیں گے۔‘
آج کے اس اہم ترین میچ کے حوالے سے تجزیہ کاروں کی بھی مِلی جُلی رائے ہے۔

فائنل میں ملتان سلطانز کو ایڈوانٹیج ہوگا: مرزا اقبال بیگ

سینیئر تجزیہ کار اور سپورٹس اینکرپرسن مرزا اقبال بیگ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو فیورٹ قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ’فائنل میں ملتان سلطانز کی کامیابی کے 55 فیصد جبکہ پشاور زلمی کی جیت کے 45 فیصد امکانات ہیں۔‘

پشاور زلمی کے اوپنر حضرت اللہ زازئی عمدہ فارم میں ہیں (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

مرزا اقبال بیگ کے مطابق ’پشاور زلمی انڈر ڈاگ ہے لیکن کچھ بھی کر سکتی ہے۔ حضرت اللہ زازئی کا رول بہت اہم ہوگا، اگر ملتان سلطانز نے انہیں قابو کرلیا تو میچ پر ان کی گرفت بہتر ہوجائے گی کیونکہ ان کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم میں شعیب ملک کے علاوہ اتنی گہرائی نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’اگر کپتانی کی بات کی جائے تو پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اب تک اچھی کپتانی کا مظاہرہ کیا ہے اور 18 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔‘
’دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ایونٹ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ بابر اعظم کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔‘
سینیئر سپورٹس اینکرپرسن مرزا اقبال بیگ کہتے ہیں کہ ‘سلطانز کے شاہنواز دھانی اچھی لائن اور لینتھ پر بولنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ تجربہ کار سپنر عمران طاہر کی خدمات بھی ملتان سلطانز کو حاصل ہوں گی۔‘

مرزا اقبال بیگ کے مطابق ’فائنل میں ملتان سلطانز

پشاور زلمی فائنل کی فیورٹ ٹیم ہے: عبدالمحی شاہ

دی نیوز کے سینیئر سپورٹس جرنلسٹ اور تجزیہ کار عبدالمحی شاہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فائنل کی فیورٹ ٹیم پشاور زلمی ہے کیونکہ وہ اپنا تیسرا ناک آؤٹ میچ کھیل رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پشاور زلمی نے پہلے کراچی کنگز کو شکست دی، پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرایا۔‘
عبدالمحی شاہ کے مطابق ’ملتان سلطانز کی ٹیم کا ایسا کوئی تجربہ نہیں ہے، ناک آؤٹ پریشر میچ ہوتا ہے، ہر کھلاڑی انڈر پریشر کھیلتا ہے، سلطانز نے زلمی اور یونائیٹڈ کے خلاف جو میچز کھیلے وہ ناک آؤٹ نہیں تھے۔‘

سینیئر سپورٹس جرنلسٹ عبدالمحی شاہ کے مطابق ’پشاور زلمی فائنل میچ کم دباؤ میں کھیلے گی‘ (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

’میرے خیال میں پشاور زلمی اس میچ میں کم دباؤ میں کھیلی گی، ویسے بھی وہ اپنا چوتھا فائنل کھیل رہے ہیں، حضرت اللہ زازئی اور کامران اکمل اچھی فارم میں ہیں۔ اس کے علاوہ شعیب ملک زلمی کے لیے اچھی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اچھے اور سمجھدار کھلاڑی ہیں جبکہ صہیب مقصود بھی رنز بنا رہے ہیں۔

فائنل میچ میں ٹاس جیتا کتنا اہم ہوگا؟

ٹاس کے حوالے سے مرزا اقبال بیگ کا کہنا ہے کہ ’ابوظبی میں اوس پڑنے کی وجہ سے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتی ہے کیونکہ بعد میں بال کو گِرپ کرنے میں بولرز کو مشکلات پیش آتی ہیں۔‘

زلمی اور سلطانز کے درمیان فائنل شیخ زاید سٹیڈیم ابوظبی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

عبدالمحی شاہ سمجھتے ہیں کہ ’ٹائٹل میچ میں زیادہ تر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔ میرے خیال میں جو ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 180 سکور کر جاتی ہے وہ دوسری ٹیم کو دباؤ میں لاسکتی ہے۔‘
’دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم پر پریشر ہوگا اور اگر ایک اوور بھی اچھا گزر جائے تو ایوریج 10 تک پہنچ جاتی ہے، یہاں میں 1992 کے ورلڈ کپ میں عمران خان کی مثال دوں گا کہ کس طرح وہ پہلے بیٹنگ کرکے انگلینڈ کو دباؤ میں لائے اور فائنل جیت کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

بائیو سکیور ببل کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی، زلمی کے دو کھلاڑی معطل

پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں عمید آصف اور حیدر علی کو بائیو سکیور ببل کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دونوں کھلاڑی آج جمعرات کو ہونے والے فائنل میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

شیئر: