Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں اوورسیز پاکستانیوں کی جمع کرائی گئی رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد

آر ڈی اے کے ذریعے سٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بنائے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’سٹیٹ بینک سے اچھی خبر۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے مزید کامیابیاں حاصل کی۔  پاکستانیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم جمعے کو ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد ہو گئیں۔ جس میں نیا پاکستان سرٹیفیکٹ میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔‘
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ سال ستمبر میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) کا افتتاح سٹیٹ بنک آف پاکستان، حکومت اور آٹھ تجارتی بنکوں کی مشترکہ کوششوں کے تحت ’اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کے بینکاری نظام کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے‘ کیا تھا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آر ڈی اے نے غیر رہائشی پاکستانیوں کو کسی بنک میں جائے بغیر پاکستان میں اکاؤنٹ کھولنے کا موقع فراہم کیا۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر گورنر رضا باقر کے حوالے سے کہا ہے کہ ’یہ اکاؤنٹس لاکھوں غیر رہائشی پاکستانیوں بشمول نان ریزیڈنٹ پاکستان اوریجن کارڈ رکھنے والے کو بینکاری کے جدید حل پیش کرتے ہیں۔ جو پاکستان میں بینکاری، ادائیگی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں انجام دینے کے خواہاں ہیں۔‘
آر ڈی اے پاکستان میں فنڈز کی منتقلی، آن لائن بل، ای کامرس اور دیگر ادائیگیوں سمیت تمام روایتی اکاؤنٹ خدمات تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
یہ صارفین کو اندرون اور بیرون ملک استعمال کے لیے ڈیبٹ اور ورچوئل ڈیبٹ کارڈز کے اضافی فائدے کے ساتھ بینکوں کے ذریعے پیش کردہ فکسڈ ڈپازٹ مصنوعات اور سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

شیئر: