Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 436 ملین ڈالرز کی ترسیلات و ادائیگیاں

اب تک 97 ممالک میں پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولتیں دی جا چکی ہیں (فوٹو: سٹیٹ بینک آف پاکستان)
اوورسیز پاکستانیز کے لیے تقریباً پانچ ماہ قبل متعارف ہونے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے اب تک تقریباً 436 ملین ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔
یہ بات جمعرات کو اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے جائزے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، معاونین خصوصی سید زوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر وقار مسعود خان، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر،  ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک مرتضی سید، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
بریفنگ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں سے سب سے زیادہ سعودی عرب، متحدہ ارب امارات، برطانیہ اور امریکہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے مستفید ہو رہے ہیں۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت فنڈز کی ترسیل میں گذشتہ ماہ میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ اب تک 97 ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔
اب تک 82728 اکاؤنٹ کھولے جا چکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 600 سے 700 نئے اکاؤنٹ کھل رہے ہیں جن میں روزانہ چھ سے سات ملین ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا سب سے زیادہ فائدہ سعودی عرب، یو اے ای، برطانیہ اور امریکہ میں پاکستانیوں نے اٹھایا (فوٹو: اے ایف پی)

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی اور بھر پور کامیابی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پرعزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے 20 اگست 2020 کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی منظوری دی تھی، اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان ملک کے آٹھ بڑے بینکوں کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرا رہا ہے، جس کی بدولت بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے ملک کے کسی بھی بینک میں باآسانی اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔

شیئر: