Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کو سزائیں دی جائیں: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں ساری دنیا پھرا ہوا ہوں، پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں‘ (فوٹو:پی آئی ڈی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی، کلین اینڈ گرین پاکستان ہمارا وژن ہے۔‘
پیر کو ناران میں ٹائیگرفورس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو صاف رکھنا ہے، سیاحتی مقامات کو صاف رکھنا ہے کیونکہ دوسرے ممالک سے سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے، سوئٹزرلینڈ کو 80 ارب ڈالر صرف سیاحت سے ملتا ہے۔ ’سیاحت کو فروغ ملے گا تو لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔‘
وزیراعظم عمران خان نے درختوں کی کٹائی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درختوں کی کٹائی کے لیے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے، ماضی میں درختوں کی تباہی کی گئی۔
’پہلے آتے تھے تو اس علاقے میں درخت کٹے ہوئے نظر آتے تھے اب اس علاقے میں درختوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ساری دنیا پھرا ہوا ہوں، پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں۔ جو خوبصورتی وادی کاغان میں ہے وہ دنیا بھر میں نہیں۔‘
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں ایسا پاکستان چھوڑ کر جانا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمارا شکریہ ادا کریں۔‘

شیئر: