Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امید ہے پروازیں جلد بحال ہوں گی‘، گورنر مکہ سے سفیر پاکستان کی ملاقات

حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے( فوٹو اردونیوز)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے گزشتہ روز جدہ میں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل سے ملاقات کی ہے۔
سفیر پاکستان نے گورنر مکہ مکرمہ کو پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور محفوظ اور صحت مند ماحول میں اس سال حج انتظامات کی ستائش کی۔
بلال اکبر نے کورونا وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے کامیاب اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ’ سعودی عرب سے پاکستان کے لیے پروازیں جلد بحال ہوں گی‘۔
گورنر مکہ مکرمہ نے سفیر پاکستان کا اپنے دفتر میں خیر مقدم کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان گرمجوش تعلقات کو اجاگر کیا اور آنے والے دنوں میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہا رکیا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’گورنر مکہ سے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، قیدیوں کی رہائی اور سعودی عرب سے پاکستان کے لیے پروازوں کی بحالی پر بات ہوئی ہے‘۔
گورنر مکہ کو پاکستان میں کورونا کی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا ہے۔ انہیں بتایا کہ حکومت نے بہترحکمت عملی سے کورونا کی صوتحال پر قابو پایا ہے۔ اب سکول اور تجارتی مراکز کھل گئے ہیں اور زندگی بتدریج معمول پر آرہی ہے۔
 انہوں نے گورنر مکہ سے درخواست کی کہ ابتدائی مرحلے میں ان پاکستانیوں کو مملکت آنے کی اجازت دی جائے جنہوں نے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لگوالی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اگر سعودی حکومت نے منظور شدہ ویکسین لگوانے والے اقامہ ہولڈرز کو پہلے مرحلے میں آنے کی اجازت دی تو اس کے لیے پی آئی اے خصوصی پروازیں چلانے کے لیے انتظامات کرے گی‘۔
’اس حوالے سے سفارتخانہ  مملکت اور پاکستان میں پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام کے ساتھ رابطے میں ہے‘۔

سفیر پاکستان نے نائب وزیر حج  ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط سے بھی ملاقات کی ہے۔( فوٹو اردونیوز)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ملاقات میں سعودی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے معاملات بھی زیر بحث آئے‘۔ 
سفیر پاکستان کے مطابق ’گورنر شہزادہ خالد فیصل نے یقین دہانی کرائی کہ ’وہ پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں کردار ادا کریں گے جبکہ قیدیوں کی رہائی سمیت پاکستانی کمیونٹی کے دیگر معاملا ت بھی حل کیے جائیں گے‘۔
سعودی نائب وزیرحج سے ملاقات
علاوہ ازیں سفیر پاکستان نے جدہ میں سعودی عرب کے نائب وزیر حج  ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط سے بھی ملاقات کی۔
بلال اکبر نے اس سال حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ ’حج کے بعد عمرے کی بحالی کے ساتھ  بہت جلد سعودی عر ب سے پاکستان کے لیے پروازیں بھی دوبارہ شروع ہوں گی‘۔
سفیر پاکستان نے’ روٹ ٹو مکہ پروگرام‘ میں پاکستان کو شامل کرنے پر اظہار تشکر کیا اور اسلام آباد کے ساتھ اس کا دائرہ دوسرے بڑے شہرو ں تک بھی بڑھانے کی درخواست کی۔
نائب وزیر حج  ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے اپنے دفتر میں سفیر پاکستان کا خیر مقدم کیا اور اس سال حج انتظامت کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران زیر بحث آنے والے تمام معاملات پر تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیئر: