Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر ریاض نے 7 عوامی پارکوں کا افتتاح کردیا

 ریاض میونسپلٹی نے 75 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پارک بنائے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے اتوار کو ریاض میں 7 عوامی پارکوں کا افتتاح کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی  اے کے مطابق ریاض میونسپلٹی نے 75 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں النخیل حطین، مغربی النسیم، بدر، مغربی لبن، البلسم اور النزھہ پارک تیار کرائے ہیں۔ دارالحکومت میں زندگی کا معیار بلند ہوگا۔
ریاض کے میئر شہزادہ فیصل بن عیاف کا کہنا ہے کہ یہ ساتوں پارک گرین ریاض پروگرام کا حصہ ہیں۔ آئندہ چھ ماہ کے دوران مزید 14 پارکوں کا افتتاح ہوگا۔
اس موقع پر گورنر ریاض اور حاضرین نے نئے پارکوں پر ایک دستاویزی فلم دیکھی۔ افتتاحی تقریب ورچول تھی۔ 
علاوہ ازیں جدہ میونسپلٹی نے  کہا ہے کہ امیر ماجد پارک اور واکنگ ٹریک کا 99 فیصد کام مکمل ہوگیا۔ یہ پارک  80 ملین ریال کی لاگت سے ایک لاکھ 20 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تیار کیا گیا ہے۔  
 پارک میں دو ہزار میٹر لمبا واکنگ ٹریک بنایا گیا ہے اور سبزہ زاروں کا خصوصی اہتمام ہے۔ لوگ پرفضا ماحول میں چہل قدمی کرسکیں گے۔  
پارک میں 8 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بچوں کے جھولے لگائے گئے ہیں۔ سپورٹس کلب اور ریستوران ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ 
 امیر ماجد پارک مکرونہ روڈ اور صاری سٹریٹ پرالھندسۃ چوراہے کے سامنے واقع ہے۔

شیئر: