Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتنی قربانیاں دینے کے بعد کیا ہم پاگل ہیں کہ ڈیل کر لیں: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران حکومت کب جائے گی، اس کا علم تو اللہ تعالی کو ہے لیکن 'جب یہ حکومت جائے گی تو پھر کبھی واپس نہیں آئے گی۔'
منگل کو اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ  کرنے کے بارے میں عوام کو سچ بتائے۔ 
'میں کہنا چاہتی ہوں کہ پہلے اپنا گھر ٹھیک کریں، فارن پالیسی آپ کے سیاسی موقف سے جڑی ہوئی نہیں ہونی چاہیے، یہ قوم کی پالیسی ہونی چاہیے۔ آپ کو قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکنی چاہیے۔'
ان سے پوچھا گیا کہ (مختلف ایشوز پر) 'مسلم لیگ خاموش کیوں ہے؟' تو مریم نواز نے جواب دیا 'مسلم لیگ آپ کے سامنے کھڑی بول رہی ہے۔' 
کسی ممکنہ ڈیل کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ۔آپ لوگ ہر بات میں ڈیل نکال لاتے ہیں، اتنی قربانیاں دینے کے بعد کیا ہم پاگل ہیں کہ انہی کے ساتھ ڈیل کر لیں گے جن کے خلاف ہماری جدوجہد ہے۔۔
گذشتہ روز بلوچ مزاحمت کاروں سے بات کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'بلوچستان کے لوگوں کے تحفظات دور کرنے چاہییں، لیکن کیا صرف ناراض بلوچوں کو منانا ضروری ہے، سب سے پہلے آپ کو ہزارہ برادری کے پاس جانا چاہیے تھا۔ وہ بھی بلوچستان میں رہتے ہیں۔ وہ آپ کو پکار رہے تھے اور آپ نے اس وقت کہا کہ میں لاشوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہو گا تو بلوچستان آپ سے دور جائے گا۔'
 

شیئر: