Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلیپ کمار انتقال کر گئے، ’انڈین سینما کے ایک عہد کا اختتام‘

دلیپ کمار کو گذشتہ بدھ کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار آج بدھ کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔  98 سالہ دلیپ کمار کو گذشتہ بدھ کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔
بدھ کو دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے ترجمان فیصل فاروقی نے  ٹویٹ کی کہ ’بھاری دل اور گہرے دکھ کے ساتھ میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ ہمارے پیارے دلیپ کمار کچھ منٹ پہلے انتقال کرگئے ہیں۔ ہم خدا کی طرف سے ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔‘
لیجنڈری اداکار کا علاج کرنے والے ڈاکٹر جلیل پارکر نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ  طویل بیماری کے بعد صبح 7:30 بجے وفات پا گئے۔
دلیپ کمار کو پہلے چھ جون کوسانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ہسپتال لے جایا گیا تھا، ان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا تھا کہ ’وٹس ایپ کے فارورڈ میسیجز پر یقین مت کیجیے، صاحب کی حالت بہتر ہے۔ آپ کی دعاؤں کا شکریہ۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ دو سے تین دن میں اپنے گھر ہوں گے۔‘ دلیپ کمار کو 11 جون کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔
دلیپ کمار گذشتہ کچھ سالوں سے گردے کی تکلیف اور نمونیا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل اور ڈسچارج ہوتے رہے ہیں۔ کچھ سال پہلے اداکار نے اپنی سالگرہ ہسپتال میں منائی تھی جہاں ان کا بخار اور ٹانگ میں سوجن کے لیے علاج جاری تھا۔
گذشتہ سال مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل دلیپ کمار نے بتایا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو احتیاطی تدبیر کے طور پر مکمل آئسولیشن میں ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔
دلیپ کمار جن کا اصل نام یوسف تھا، انڈین سینما کی کئی مشہور اور تاریخی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں نیا دور، مغل اعظم، دیوداس، رام اور شیام، انداز، مدھومتی اور گنگا جمنا شامل ہیں۔
دلیپ کمار کو ایک اداکار کے ساتھ ایک نفیس انسان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ وہ 11 دسمبر 1922 میں پشاور کے قصہ خوانی محلے میں پیدا ہوئے تھے۔
چند سال قبل ان کی سوانح حیات ’دلیپ کمار: دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو‘ میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر نظر پڑتی ہے لیکن ناقدین کا خیال ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں جتنا بتایا ہے اس سے کہیں زیادہ انہوں نے چھپایا ہے۔
اپنے زمانے کی خوبصورت ترین اداکارہ مدھوبالا سے ان کے عشق کے قصے بہت مشہور رہے لیکن انہوں نے اپنی عمر سے 20 سال سے زیادہ کم عمر اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔ 
دلیپ کمار نے 60 سے زیادہ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور اداکاروں کے لیے مشعل راہ رہے۔
انڈین فلم انڈسٹری نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا کے لیے اور بھی ہیرو ہوں گے لیکن ہم اداکاروں کے لیے وہ ایک ہیرو تھے۔ دلیپ کمار سر انڈین سینما کا ایک عہد اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔‘
ماضی کی مشہور اداکارہ ہیما مالنی نے انگریزی اخبار بامبے ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’راج کپور، دیو آنند اور دلیپ کمار بالی وڈ کے تین ستون تھے اور ہم نے آج بالی وڈ کا آخری ستون کھو دیا ہے۔‘

شیئر: