Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے باعث پھنسے 153 یمنی شہریوں کی انڈیا سے وطن واپسی

وزارت صحت کے ماہرین ابتدائی نگہداشت کے لیے عدن ایئرپورٹ پر موجود تھے (فوٹو: سبا نیٹ)
کورونا وبا کے باعث انڈیا میں پھنسے ہوئے 153 یمنیوں کی دوسرا قافلہ گذشتہ روز سنیچر کو عدن پہنچ گیا۔
عرب نیوز کے مطابق یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا نے بتایا ہے کہ اس موقع پر وزارت صحت و بہبود آبادی کے ماہرین عدن ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

عدن پہنچنے والے تمام افراد کو قرنطینہ مراکز منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

انڈیا سے آنے والے 153 یمنی افراد کو ماہرین صحت کی جانب سےعدن ایئرپورٹ پر ہی مکمل احتیاطی تدابیر فراہم کی گئیں۔
اس کے بعد تمام افراد کو شعبہ صحت اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے ضروری نگہداشت کے لیے صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے انہیں قرنطینہ مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں جنگ کی صورت حال کے پیش نظر صحت کا نظام متاثر ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں یمنی شہریوں کو علاج معالجے کے لیے مجبوراً بیرون ملک روانہ کیا جاتا ہے۔

یمن میں جنگ کی صورت حال کے پیش نظر صحت کا نظام متاثر ہے (فوٹو: رائٹرز)

یمن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے سال کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دیگر ممالک میں پھنسے یمنی شہریوں کے انخلا کے لیے پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔
یمن کی سپریم نیشنل ایمرجنسی کمیٹی کی جانب سے دیگر ممالک میں پھنسے یمنی شہریوں کی واپسی کے لیے طریقہ کار اور ٹائم ٹیبل مقرر کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں یمنی شہریوں کی اردن سے واپسی کے لیے پہلی پرواز روانہ کی گئی تھی۔

شیئر: