Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شعائر‘ سمارٹ حج کارڈ کی خصوصیات کیا ہیں؟

حجاج کے آرام و راحت کو مقدم رکھا گیا ہے- (فوٹو وزارت حج و عمرہ ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال عازمین حج کے لیے ’شعائر‘ سمارٹ کارڈ کے اجرا کے بعد اس کی خصوصیات جاری کی ہیں۔
سمارٹ کارڈ اس سال پہلی بار حج کرنے والوں کو دیا جا رہا ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق شعائر سمارٹ کارڈ  ’این ایف سی‘ ٹیکنالوجی سے ملتا جلتا ہے۔ مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات و مزدلفہ) میں فراہم خود کار آلات کے ذریعے شعائر سمارٹ کار ڈ کی ریڈنگ ممکن ہوگی۔ 

شعائر کارڈ کے ذریعےغیر قانونی حج کرنے والوں کو قابو کیا جا سکے گا- (فوٹو: وزارت حج وعمرہ ٹوئٹر)

شعائر سمارٹ کارڈ متعدد خوبیوں اور خصوصیات سے آراستہ ہے۔ اس میں حجاج کی نجی معلومات، رہائش سے متعلق تفصیلات محفوظ کی گئی ہیں جبکہ اس کے ذریعے حجاج کی یہ رہنمائی بھی کی جاتی ہے کہ منیٰ، مزدلفہ یا عرفات میں ان کا رہائشی کیمپ کہاں واقع ہے۔
اس کارڈ کی بدولت مختلف مقامات پر حجاج کی رسائی کسی رکاوٹ کے بغیر ممکن ہوگی۔ ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ غیر قانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کو کنٹرول کیا جا سکے گا۔  
سیکریٹری حج و عمرہ ڈاکٹر عمرو المداح کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت حج موسم میں زائرین کی خدمت کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہے۔ حجاج کے آرام و راحت کو سب سے اوپر رکھے ہوئے ہے۔ شعائر سمارٹ کارڈ کا اجرا اسی جذبے کی مثال ہے۔ 
سعودی حکومت حج کے پورے سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کر رہی ہے۔
المداح نے توجہ دلائی کہ  شعائر کارڈ  کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس کی بدولت حاجی کو پتہ چل جاتا ہے کہ اسے کہاں پہنچنا ہے اور اپنی رہائش سے کس حج مقام کے لیے کب اور کیسے روانہ ہونا ہے اور وہاں سے واپسی کا سفر کب اور کیسے طے کرنا ہے- حجاج کرام اس کارڈ کے ذریعے یومیہ خوراک کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں- اس کے ذریعے کنٹرول سینٹر کی وارننگ سے بھی آگاہی حاصل ہوگی- 
المداح نے بتایا کہ حج کا سفر کیسا رہا- کیا کچھ اچھا رہا کیا اور برا لگا- یہ اور ان جیسے دیگر سوالات بھی حاجی اپنے سفر کے اختتام پر متعلقہ حکام تک پہنچا سکتا ہے- 
المداح نے کہا کہ شعائر سمارٹ کارڈ چار رنگوں سبز، سرخ، زرد اور نیلے میں سے کسی ایک رنگ کی علامت کا حامل ہے- اس کے ذریعے کارڈ ہولڈر منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں اپنے رہائشی علاقے سے مربوط ہوگا- کارڈ کے ذریعے سمارٹ گیٹ سے آجا سکے گا- اس کارڈ میں حاجی کی صحت معلومات، قافلوں کے چارٹ اور اپنا حج پروگرام بھی درج کرسکے گا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: